کراچی،پاکستان کونسل آف میڈیا ویمن کے زیر اہتمام مباحثہ کل ہوگا

مباحثے کا موضوع گرتی ہوئی سماجی اقدار اور بہتری کیلئے خواتین کا کردارہے

منگل 24 مئی 2022 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) پاکستان کونسل آف میڈیا ویمن کی جانب سے 26 مئی 2022 بروز جمعرات ایک مباحثہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جس کا موضوع ہے گرتی ہوئی سماجی اقدار اور بہتری کیلئے خواتین کا کردار ۔معاشرہ افراد سے بنتا ہے اور فرد ہمیشہ اصلاح طلب رہتا ہے۔ افراد کا تشکیل پذیر معاشرہ بھی بالکل افراد ہی کی طرح ہمیشہ اصلاح چاہتا ہے اور خصوصا ہمارا موجودہ معاشرہ ۔

آج کے معاشرے میں اعلی اقدار زوال پذیر ہیں اور اچھائیوں کا تناسب روز بہ روز کم ہوتا جارہا ہے ۔ لہذا اصلاح معاشرہ کی ضرورت آج کچھ زیادہ ہی پائی جاتی ہے ۔ معاشرے کی بنیادی اکائی گھر اور خاندان ہے ۔ گھروں کا ماحول پاکیزہ اور اعلی اقدار کا حامل ہو تو گویا معاشرے کی ہر اکائی بذات خود بہتر، ستھری اور پاکیزہ ہوگی اور اس طرح ایک مثالی معاشرہ وجود میں آئے گا ۔

(جاری ہے)

اس موضوع پر بات کرنے کے لیئے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے معروف خواتین و حضرات جن میں ایم پی ایز ، ڈرامہ آرٹسٹ ، ڈرامہ رائیٹرز ، جامعات و کالجز کے پروفیسرز ، کارپوریٹ سیکٹرز کی کامیاب خواتین کو اس مباحثہ میں بطور اسپیکر مدعو کیا گیا ہے ۔ اس مباحثہ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ہیں ۔ اس مباحثہ کا مقصد معاشرتی اقدار کی بہتری کے لئے مختلف مکتبہ فکر جو اقدار کو متاثر کرتے ہیں کی رائے کی روشنی میں ایک منشور کی تیاری ہے جو جدید اقدار استوار کرنے میں معاون ہوں ۔ تاکہ ان مقتدر سماجی شخصیات کے افکار کی روشنی میں بہتر معاشرہ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے ۔