وزیر اعلیٰ سندھ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں، اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنے کا حق سب کو حاصل ہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی

انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی خدمت ہے ، بلدیاتی اداروں سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے بقایا جات کا مسئلہ جلد حل کرلیں گے،مرتضی وہاب

منگل 24 مئی 2022 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی خدمت ہے ، بلدیاتی اداروں سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کا مسئلہ جلد حل کرلیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں، اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنے کا حق سب کو حاصل ہے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی اور دیگر بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین اور مختلف لیبریونینوں اور مختلف تنظیموں کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، فنانشل ایڈوائزر غلام مرتضی بھٹو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹائون رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم اور دیگر افسران موجود تھے، قبل ازیں احتجاج میں شامل مختلف تنظیموں اور یونینوں کے نمائندہ وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، ان میں میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کراچی کے صدر سید ذوالفقار علی شاہ، متحدہ ورکرز فرنٹ کے صدر محمد احمد، پیپلز یونیٹی کے ایم سی ایمپلائز یونین کے اشرف اعوان، یونائٹیڈ ورکرز یونین کنیز فاطمہ گروپ کے ملک محمد علی اور حبیب الرحمن اعوان ، یونائٹڈ ورکرز یونین ڈی ایم سی ایسٹ کے جنرل سیکریٹری چوہدری وارث اور ایمپلائز ایکشن کمیٹی الیاس جدون شامل تھے، ایڈمنسٹریٹر کر اچی نے کہا کہ آپ کو حقوق ملنے چاہئیں، پیپلز پارٹی عام آدمی کو روزگار کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، کے ایم سی کے مالی حالات سب کے سامنے ہیں، آپ کے بقایا جات اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے میں اپنا کردار ادا کروں گا، انہوں نے کہا کہ میں وہ شخص نہیں ہوں جو وعدہ کرکے وفا نہ کرے، میں آپ کا مقدمہ سندھ حکومت کے پاس لے کر گیا ہوں تاکہ آپ کو ریلیف مل سکے، سرکاری کامو ںمیں کچھ وقت لگتا ہے، کے ایم سی کے ملازمین کو پیکیج دینے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے یہ مسئلہ پیش کیا جاچکا ہے وہ اصولی طور پر اس بات پر متفق ہیں ، حکومت سندھ کے مالی معاملات مختلف ذیلی کمیٹیوں کے ذریعہ حل کئے جاتے ہیں اور یہ مسئلہ بھی اب کمیٹی کے سپرد کیا جاچکا ہے اور بہت جلد کابینہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے پیکیج منظور کرے گی، انہو ںنے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر محترمہ بھٹو کی طرح پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی حقوق کے فلسفہ پر عمل کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی بلا امتیاز عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا آپ کا حق ہے اور میں اسے سپورٹ کرتا ہو ں اور ہر جائز مسئلہ کے حل کے لئے آپ کے ساتھ رہوں گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اس انسانی مسئلہ کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں اور بہت جلد یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ریٹائرڈ ملازمین سے گفتگو کے بعد تمام یونینوں نے متفقہ طور پر دو روز سے جاری اس احتجاج کو ختم کردیا۔