ایڈمنسٹریٹر کراچی سے سیکریٹری سروسزکی ملاقات،سندھ پبلک سروس کمیشن کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا

منگل 24 مئی 2022 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب سے سیکریٹری سروسز محمد سلیم راجپوت نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن غلام علی برہمانی، بھی موجود تھے، ملاقات میں سندھ پبلک سروس کمیشن کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن ایک انتہائی اہم ادارہ ہے جسے صوبے میں فعال ہونا ضروری ہے تاکہ اس ادارے کے ذریعہ با صلاحیت ملازمین کا انتخاب ممکن ہوسکے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ پالیسی ہے کہ ہر ادارے میں با صلاحیت اور میرٹ پر ملازمین کو بھرتی کیا جائے تاکہ وہ اپنی بہتر کارکردگی سے اس صوبے کی خدمت کرسکیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کی خدمات قابل ستائش رہی ہیں، اس لئے اس ادارے کا فعال ہونا ضروری ہے، سیکریٹری سروسز نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور ادارے کی بہتر اور مثالی کارکردگی، میرٹ پر تعیناتی اور انتظامی امور پر غور کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :