نام نہاد جمہوری حکومت نے سندھ سمیت پورے ملک میںدفعہ 144 نافد کر کے بدترین آمریت کی سوچ کی عکاسی کی ہے،جلال محمود شاہ

منگل 24 مئی 2022 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے سندھ سمیت پورے ملک میںدفعہ 144 نافد کر کے بدترین آمریت کی سوچ کی عکاسی کی ہے۔ کراچی میڈیا ہائوس سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اپنے سیاسی مفادات کی خاطر حکومتی وسائل استعمال کر کے ریلیوں ، دھرنے اور مظاہرے کرتے رہے ہیںمگر مخالف سیاسی جماعت کے راستے روک کر خوف تشددکی فضاء قائم کرنا غیر جمہوری اور غیر آئینی قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملک کے اندر عوام سے اظہار آزادی کا حق چھینے کی کوشش کی جاتی ہے اس قوت حکمرانوں کی بوکھلاہٹ اور کمزوری سامنے آجاتی ہے۔ ایک طرف بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر کے نامزدگی فارم جاری کئیے گئے ہیں اور دوسری طرف سرگرمیوں پر پابندی کا کوئی بھی جواز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کے اند ر سندھ حکومت کی خراب کارکردگی کی وجہ سے سندھ کے لوگ بیزار ہیں۔

عوام کی غم و غصے کو روکنے کے لئیے ایسا غیر جمہوری عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بدترین کرپشن اور خراب حکمرانی کی وجہ سے پینے اور زراعت کے لئیے پا نی کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے ۔ بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا جنجال بنا دیا ہے جس کی وجہ سے عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور اس دوران دفعہ144 کا نفاد قابل مذمت ہے۔