Live Updates

عمران خان کا کل ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان

عوم سے کہتا ہوں جیلوں سے ڈرنا نہیں ہے، عوام کی جتنی تعداد ہوگی اتنی جیلوں میں جگہ نہیں ہے، ہم اگر اب نہیں نکلیں گے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہا ہے اس کو ضائع نہ ہونے دیں، چئیرمین تحریک انصاف کا پیغام

muhammad ali محمد علی منگل 24 مئی 2022 23:49

عمران خان کا کل ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2022ء) عمران خان کا کل ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل منگل کی رات کو عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم نے اسلام آباد پہنچنے کے حوالے سے اپنی حکمت عملی بیان کی۔

عمران خان نے کہا کہ کل میں خود حقیقی آزادی مارچ کی خیبرپختونخواہ سے قیادت کروں گا اور سری نگرہائی وے سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا۔ انہوں نے اپنے کارکنوں اور عوام کو کہا کہ ہمیں اللہ کے علاوہ کبھی کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں ہے، موقع ملا ہے کہ فیصلہ کریں ہم غلام رہیں گے یا آزاد ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

میں خاص طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی سے چاہوں گا کہ وہاں سے لوگ نکلیں، ہم اگر اب نہیں نکلیں گے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہا ہے اس کو ضائع نہ ہونے دیں۔

قوم سے کہتا ہوں جیلوں سے ڈرنا نہیں ہے، عوام جہاد سمجھ کر کل باہر نکلیں، عوام کی جتنی تعداد ہوگی اتنی جیلوں میں جگہ نہیں ہے۔ ہمیں وہ موقع ملا ہے کہ اپنے ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرسکیں، میرے پاکستانیوں اس موقع کو ضائع نہ ہونے دینا، ملکی آزادی کی جدوجہد کرنا جہاد ہے حقیقی آزادی کیلئے جہاد سمجھ کر نکلیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارا ایک مقصد ہے الیکشن کرائیں اور اسمبلی تحلیل کریں، ہم پر امریکا کے غلاموں کو مسلط کیا گیا ہے، غلاموں میں ہمت نہیں کہ امریکا کو جواب دے سکیں۔

پاکستان میں اس وقت کرپٹ لوگوں کو استعمال کیا جارہا ہے، باہر کے سامراجوں کو اس قسم کے غلاموں کی ضرورت ہوتی ہے، حقیقی آزادی میں کامیاب ہوگئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی سے ڈکٹیشن یا غلامی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پاکستانی قوم غیرت مند ہے ہمیں کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات