Live Updates

چوہدری پرویز الٰہی کا فوج اور عمران خان میں رابطوں کا دعویٰ

لانگ مارچ کا پلان سوچ سمجھ کر دیا ہے‘ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت تمام سرکاری ملازمین سے گھروں پر چھاپوں کا حساب لیا جائے گا ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 10:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء )  اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے فوج اور عمران خان کے درمیان رابطوں کا دعویٰ کردیا ، مسلم لیگ ق کے رہنماء کہتے ہیں کہ فوج اور عمران خان رابطے میں ہیں ، لانگ مارچ کا پلان سوچ سمجھ کر دیا ہے‘ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت تمام سرکاری ملازمین سے گھروں پر چھاپوں کا حساب لیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللّٰہ سمیت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو سزا ہوجاتی تو آج حالات مختلف ہوتے ، گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ، علامہ اقبال کی بہو کے گھر پر چھاپہ بھی انتہائی افسوسناک ہے ، اسمبلی کا اجلاس بلا کر آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسرا ن کی باز پرس کریں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ لانگ مارچ وقت کی ضرورت ہے ، لانگ مارچ کا پلان سوچ سمجھ کر دیا ہے ، ، باہر بیٹھ کر ملک چلانے والے کو روکنا پڑے گا ، نواز شریف اور شہباز شریف نے ہر غلط کام کی بنیاد رکھی ، 90 کی دہائی میں گالم گلوچ کا کلچر بھی انہوں نے ہی متعارف کرایا۔ علاوہ ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ایم پی ایز کو پولیس چھاپوں کی ویڈیوز بنانے کا مشورہ دے دیا ، اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہٰی نے پی ٹی آئی رہنماوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اورکارکنوں کےگھروں پرچھاپوں کی مذمت کرتے ہیں ، پولیس دہشتگردی جعلی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ظاہر کر رہی ہے ، شریف خاندان،ن لیگ اور گلوبٹ جتنا مرضی زور لگا لیں مارچ اب رکنے والا نہیں ہے ۔

مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء نے کہا کہ ایم پی اے راشدہ کو ماڈل ٹاؤن سے زبردستی حراست میں لیا گیا ، بطورکسٹوڈین آف ہاوس میرافرض ہے میں ایم پی اے کے حقوق کی حفاظت کروں ، جن ایم پی ایز کےگھروں پر پولیس چھاپے ماررہی ہےوہ ان چھاپوں کی وڈیو بنالیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات