پشاور میں منشیات کے عادی افراد کے علاج/ بحالی کے حوالے سے کنٹرول روم کا افتتاح

بدھ 25 مئی 2022 11:48

پشاور میں منشیات کے عادی افراد کے علاج/ بحالی کے حوالے سے کنٹرول روم ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) پشاورمیں منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے گزشتہ روز کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر احتشام الحق سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر پشاور ڈویژن کے مطابق کنٹرول روم میں ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ سماجی بہبود، پولیس، اینٹی نارکارٹکس فورس، ایکسائز، سپیشل برانچ، انٹیلیجنس بیورو، دوست ویلفیئر فاؤنڈیشن، کیئر ویلفیئر، الخدمت ویلفیئر اور دیگر محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے۔ پشاور میں روزانہ کی بنیاد پرمختلف علاقوں سے منشیات کے عادی افراد کو محکمہ سماجی بہبود سمیت دوست، کیئر اور الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی مراکز کو منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جہاں پر ان کا باقاعدہ علاج کیا جائے گا تاکہ ان کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے اور پشاور میں نشئی افراد کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔کمشنر پشاور نے کہا کہ عوام کنٹرول روم کے نمبر1052پر کال کر کے نشئی افراد کے بارے میں اطلاع کر سکتے ہیں۔ نشئی افراد کی بحالی کے حوالے سے تمام کارروائیوں کو کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ ادارے پشاور میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف بھی ٹھوس اقدامات کریں گے تاکہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے منشیات کے عادی افرادکو علاج کے بعد انکے اضلاع منتقل کیا جائے گا اور انھوں نے کنٹرول روم کے قیام کو ان خاندانوں کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے جن کے بچے نشے کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر معاشرے کو منشیات کے عادی افراد سے پاک کرنا ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہو سکے گا۔