ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفس جہلم کے زیر اہتمام کالم نویس اور صحافیوں کے ساتھ اے۔ڈی۔پی سکیم کے تحت سیشن کا انعقاد کیا گیا

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر بدھ 25 مئی 2022 11:37

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفس جہلم کے زیر اہتمام کالم نویس اور صحافیوں ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2022ء) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفس جہلم کے زیر اہتمام کالم نویس اور صحافیوں کے ساتھ اے۔ڈی۔پی سکیم کے تحت سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری معاشرے میں نہ صرف خبر پہنچانے کا ذریعہ ہیں بلکہ ریاست اور معاشرے کا اہم ستون ہونے کے ساتھ معاشرے اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ ہیں۔

سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے متعلقہ مسائل پر آگاہی اور حل کے لئے اہل قلم برادری کا تعاون اور ساتھ ہوگا تو معاشرے میں آگاہی فراہم کرنی آسان ہو جائے گی۔ نبیل علی ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جہلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی برادری معاشرتی مسائل کے خلاف جہاد کر رہا ہے اور آبادی کے بے ہنگم اضافے اور معاشرے پر اس کے منفی اثرات پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور مزید تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

مریم ستی ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر جہلم نے شرکاء کو ضلع جہلم، پنجاب اور پاکستان کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں آبادی میں اضافہ کی شرح صوبہ پنجاب میں بہترین ہے۔ آفتاب سرور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے شرکاء کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جواب میں ضلع جہلم میں پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے خدمات فراہمی کے نظام اور نئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

سیشن میں پریس کلب جہلم کے عہدیداران، کالم نویس، صحافیوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے میڈیا نمائندگان سے رابطے اور تعاون کے اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری آبادی سے متعلقہ مسائل کو دیگر معاشرتی مسائل سے زیادہ ترجیح دیتے ہوئے معاشرے میں آگاہی فراہم کرنے کی کوشش میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ میڈیا نمائندگان کو معلوماتی پمفلٹس اور اعزازی تحائف پیش کئے گئے۔