ٹیکساس کے اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ،14طلبہ اورایک استاد ہلاک

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مسلح شخص نے اسکول کے بچوں کو گولیوں کاکیوں نشانہ بنایا ،امریکی میڈیا

بدھ 25 مئی 2022 12:02

ٹیکساس کے اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ،14طلبہ اورایک استاد ہلاک
ٹیکساس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) امریکا کی ریاست ٹیکساس میں واقع ایک ایلیمنٹری اسکول میں بندوق بردار کی فائرنگ سے 14 طلبہ اور ایک استاد ہلاک ہو گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹیکساس کے گورنرگریگ ایبٹ نے ایک بیان میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ گولی چلانے والا بھی ہلاک ہوچکا ہے۔خیال کیاجاتا ہے کہ اسے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں ہلاک کیا ۔

فائرنگ کا یہ واقعہ ٹیکساس میں واقع شہراوولڈے میں روب ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا ۔ یہ شہر سان انٹونیو سے قریبا ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر مغرب میں واقع ہے۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مسلح شخص نے اسکول کے بچوں کو گولیوں کاکیوں نشانہ بنایا ۔مقامی میڈیا کے مطابق اوولڈے میموریل اسپتال نے اس سے پہلے اطلاع دی تھی کہ اس کے یہاں ایمبولینس اور بسوں کے ذریعے 13 زخمی بچے منتقل کیے گئے ہیں اور اسپتال پہنچنے والے دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور اسپتال میں ایک بچے اور ایک بالغ کو منتقل کیا گیا تھا۔اس یونیورسٹی ہیلتھ اسپتال نے بتایا کہ زیرِعلاج ایک 66 سالہ خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔اسکول میں فائرنگ کے بعد انتظامیہ نے صورت حال قابو میں ہونے کے بعد بچوں کو مقامی شہری مرکز میں منتقل کردیا تھا اور ان کے والدین کو ہدایت کی کہ وہ انھیں وہاں سے اپنے گھروں کولے جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :