Live Updates

فیاض الحسن چوہان خفیہ مقام سے موٹر سائیکل پر نکل پڑے

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر نے مری روڈ پر رکاوٹوں کو پار کرکے صورتحال کا جائزہ لیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 13:29

فیاض الحسن چوہان خفیہ مقام سے موٹر سائیکل پر نکل پڑے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیاض الحسن چوہان خفیہ مقام سے موٹر سائیکل پر نکل پڑے ، سابق صوبائی وزیر نے مری روڈ پر رکاوٹوں کو پار کرکے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے رکاوٹوں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت فسطائیت کا ماحول بنا ہوا ہے ، ہم سیاسی جدوجہد کریں ، جلسے کریں، ریلی نکالیں یا لانگ مارچ کریں یہ ہمارا جمہوری حق ہے ، بیگم صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان گرفتاری کے ڈر سے پشاور چھپا بیٹھا ہے ، نواز شریف تو سیاچن میں فوجی جوانوں کے ساتھ مصروف عمل ہے۔

ادھر اسلام آباد جانے والے راستوں پر رینجرز کو تعینات کردیا گیا ، فیص آباد کا کنٹرول رینجرز کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد رینجرز کے دستے فیض پہنچ گئے اور اسلام آباد جانے والے راستوں پر رینجرز کو تعینات کردیا گیا ، راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس رینجرز کے دستوں کی معاونت کرے گی جب کہ حساس عمارتوں پر بھی رینجرز کے دستے تعینات کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت سے گرفتار پی ٹی آئی کے 70 افراد کو چھوڑنے کا حکم دے دیا ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر پیش ہو کر بتائیں کیوں کارکنان کو غیر ضروری ہراساں کیا جارہا ہے ، ڈپٹی کمشنر کی پیشی پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو وفاقی دارالحکومت سے پی ٹی آئی کے حراست میں لیے 70 افراد کو بانڈ لے کر چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر کسی کے خلاف کوئی کیس ہو تو اس عدالت کو کل بتائیں اور اس کر نظرثانی کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات