Live Updates

سپریم کورٹ کا راستوں کی بندش اور شہریوں کے گھروں میں چھاپوں پر سخت برہمی کا اظہار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے احکامات کی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنر اسلام کو ایک گھنٹے میں طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 13:50

سپریم کورٹ کا راستوں کی بندش اور شہریوں کے گھروں میں چھاپوں پر سخت برہمی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2022 ) سپریم کورٹ نے راستوں کی بندش اور شہریوں کے گھروں میں چھاپوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور قراردیا کہ وزارت داخلہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے حساس اداروں کی جانب سے رپورٹس ملی ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا حکومت تحریک انصاف کے راہنماﺅں اور کارکنوں کو حفاظت کے لیے گرفتار کررہی ہے؟.

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے اور ٹریفک پلان بنا کر اڑھائی بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے وفقے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہو اتو آئی جی اسلام آباد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے.

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں، آئی جی صاحب آپ چار دن پہلے تعینات ہوئے آئی جی صاحب آپ پر پہلے ہی بہت کیسز اور الزامات کا بوجھ ہے اپنے آپ میں رہیں، اپنی ذمہ داریاں سمجھیں اور پوری کریں جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اگر تحریک انصاف کو گرفتاری کا خطرہ ہے تو ہمیں نام بتائیں ہم حفاظتی حکم دیں گے سپریم کورٹ نے سب کا تحفظ کرنا ہے، کوئی کہیں بھی ہو، پاکستان ادھر ہی ہے.

اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف نے سری نگر ہائی وے پر دھرنے کی درخواست دی جو مسترد کر دی گئی اشتر اوصاف نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے، حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق عمران خان پر خودکش حملے کا خطرہ ہے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ اصل ایشو سے دور جا رہے ہیں، کیا پولیس چھاپے مار کر لیڈرز اور کارکنوں کو حفاظتی تحویل میں لے رہی ہے؟ راتوں کو گھروں میں چھاپے مارنے سے کیا ہوتا ہے؟ حکومت کو سری نگر ہائی وے کا مسئلہ ہے تو لاہور، سرگودھا اور باقی ملک کیوں بند ہے؟.

مسٹرجسٹس اعجاز الاحسن نے چیف کمشنر اسلام آباد سے کہا کہ پی ٹی آئی کو متبادل جگہ کی پیشکش کریں اور مذاکرات کے بعد عدالت کو آگاہ کریں، چیف کمشنر اسلام آباد پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے متبادل جگہ کا تعین کرکے اڑھائی بجے تک رپورٹ کریں جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ چیف کمشنر اسلام آباد پلان بنا کر لائیں کہ جلسہ کہاں ہو گا اور ٹریفک پلان کیا ہو گا.

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے وکیل کو بھی قیادت سے ہدایات لے کر آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملک ہے تو ہم ہیں، آپس کی لڑائیوں میں شہریوں کو مشکل میں مت ڈالیں صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے عدالت میں کہا کہ ایک سڑک بند ہونے سے بچانے کے لیے پورا ملک بند کر دیا گیا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ انتظامیہ مکمل پلان پیش کرے کہ احتجاج بھی ہو اور راستے بھی بند نہ ہوں.

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ اگر اتنا خطرہ ہے تو حکومت ہدایات جاری کر دے کہ کوئی مارچ نہیں ہو گا کیا سیاسی قیادت کو خطرہ صرف سری نگر ہائی وے پر ہی ہے؟ جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ سیکرٹری داخلہ صاحب جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اسکی ذمہ داری لیتے ہیں؟. جس پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ لاءاینڈ آرڈر صوبوں کا کام ہے جس پر جسٹس مظاہر نقوی نے کہ کہ کیا وزارت داخلہ صرف ڈاکخانے کا کام کرتی ہے؟ جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا وزارت داخلہ نے کوئی پالیسی ہدایات جاری کی ہیں؟.

وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ نے صوبوں کو کوئی ہدایت نامہ جاری نہیں کیا، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سب بہاریں پاکستان کی وجہ سے ہیں جسٹس اعجازالاحسن نے پوچھا کہ سکیورٹی تھریٹ کی رپورٹ کس نے دی ہے؟ جس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ دو انٹیلی جنس ایجنسیوں اور نیکٹا نے سکیورٹی تھریٹ رپورٹ دی ہے. جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ایسا پلان دیں کہ مظاہرین پرامن طریقے سے آئیں اور احتجاج کے بعد گھروں کو لوٹ جائیں عدالت کو یقین دہانی کرائیں کہ تشدد نہیں ہو گا اور راستے بھی بند نہیں ہوں گے قبل ازیں جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ اسلام اباد میں تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، اسکول اور ٹرانسپورٹ بند ہے، معاشی لحاظ سے ملک نازک دور اور دیوالیہ ہونے کے درپے ہے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ عدالت معیشت سے متعلق آبزرویشن دینے سے گریز کرے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ملک میں جو ہو رہا ہے وہ سب کو نظر آ رہا ہے کیا ہر احتجاج پر پورا ملک بند کر دیا جائے گا؟.

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام امتحانات ملتوی، سڑکیں اور کاروبار بند کر دیے گئے ہیں جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے تفصیلات کا علم نہیں معلومات لینے کا وقت دیں جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب کیا آپ کو نظر نہیں آ رہا ملک میں کیا حالات ہیں؟ سپریم کورٹ کا آدھا عملہ راستے بند ہونے کی وجہ سے پہنچ نہیں سکا.

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ سکولوں کی بندش کے حوالے سے شاید آپ میڈیا رپورٹس کا حوالہ دے رہے ہیں میڈیا کی ہر رپورٹ درست نہیں ہوتی جس پرجسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ سکولوں کی بندش اور امتحانات ملتوی ہونے کے سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ بنیادی طور پر حکومت کاروبار زندگی ہی بند کرنا چاہ رہی ہے.

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خونی مارچ کی دھمکی دی گئی ہے بنیادی طور پر راستوں کی بندش کے خلاف ہوں لیکن عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں، راستوں کی بندش کو سیاق و سباق کے مطابق دیکھا جائے.
انہوں نے کہا کہ حکومت جواب دے کہ پورے ملک کو کس لیے بند کیا گیا ہے امن وامان برقراررکھنا صوبوں کا کام ہے جسٹس مظاہرنقوی کے ریمارکس پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ صوبوں کو آفشیلی آگاہ نہیں کیا گیا جس پرمعزز عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا وزارت داخلہ ڈاک خانے کاکام کررہی ہے؟.

عدالت نے تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی قیادت سے رابط کرکے ان سے احتجاج کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے کے حوالے سے مشاورت کرکے اعلی عدالت کوآگاہ کریںعدالت دو بجکر30منٹ پر دوبارہ سماعت شروع کرئے گی. ادھراسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے احکامات کی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنر اسلام کو ایک گھنٹے میں طلب کرلیا ہے انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب عدالت نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار اور ہراساں نہ کرنے پر حکم جاری کیا تھا.

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان صوابی انٹرچینج سے لانگ مارچ کا آغازکرچکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد پہنچیں گے انہوں نے کارکنوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں باہر نکلیں اور ہرصورت اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریں.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات