دبئی میں خاتون نے بچے کو جنم دینے کے 15 منٹ بعد قتل کر دیا

28سالہ خاتون کو بچے کے قتل کے جرم میں سات سال قید کی سزا سنا دی گئی ،عرب میڈیا

بدھ 25 مئی 2022 14:32

دبئی میں خاتون نے بچے کو جنم دینے کے 15 منٹ بعد قتل کر دیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں خاتون نے بچے کو جنم دینے کے 15 منٹ بعد قتل کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق28 سالہ خاتون کو اپنے بچے کی پیدائش کے 15 منٹ بعد جان بوجھ کر قتل کرنے کے جرم میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق خاتون نے کچرے کے ڈھیر میں پھینکنے کی کوشش کرنے سے پہلے بچے کی لاش کو تین دن تک ایک تھیلے میں رکھا۔

ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ خاتون کی گرفتاری سے چند دن پہلے، اس نے عمارت سے ایک عورت کی چیخیں سنی تاہم تین دن بعد عمارت کے کوریڈور میں عورت کو بیگ اٹھاتے ہوئے دیکھا اور مدد کی پیشکش کی۔بعد ازاں یہ نوجوان خاتون کو ٹیکسی تک لے گیا جہاں عورت نے اسے بتایا کہ وہ بیگ کو کسی اور علاقے میں ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم نوجوان نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے سامنے اپنے اعترافی بیان میں خاتون نے کہا کہ اس کا ایک غیر ازدواجی تعلق تھا جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوئی اور اس نے گھر میں بچے کو جنم دیا۔تاہم پیدائش کی کچھ دیر بعداس نے اپنے روتے ہوئے بچے کو بستر پرلٹایا اور تکیے سے دم گھونٹ کر مار ڈالا اور تین دن تک لاش کو اپنے کمرے میں چھپا کر رکھا تاہم بعد میں اسے ایک بیگ میں چادر سے ڈھانپ کر پھینکنے کی کوشش کی۔