مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے سفارتی لحاظ سے حساس معاملہ ہے،کشمیریوں کے انسانی حقوق سلب ہیں، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

بدھ 25 مئی 2022 14:54

مسئلہ کشمیر پاکستان کے  لیے  سفارتی لحاظ  سے حساس معاملہ ہے،کشمیریوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے سفارتی لحاظ سے حساس معاملہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں تین سال سے کرفیو لگا ہوا ہے، کشمیریوں کے انسانی حقوق سلب ہیں، ارکان سینیٹ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے لئے دی جانے والی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کے خلاف بحث میں حصہ لیتے ہوئے قائد ایوان نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کے لئے بہت حساس معاملہ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، پوری وادی ایک جیل میں تبدیل ہو چکی ہے، کشمیریوں کی گرفتاریاں کاٹھی چارج اور چھاپے روز کا معمول ہیں، ارکان سینیٹ نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے کئے غیر ملکی سفارتخانوں، او آئی سی سمیت تمام تنظیموں سے رابطے اور مظلوم کشمیریوں کی بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھانے کے لئے جو بھی تجاویز دی گئی ہیں ان پر غور کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے یک زبان ہو کر اس مسئلے پر ہم آواز اٹھا سکتے ہیں۔