Live Updates

تحریک انصاف نے حکومت سے معاہدہ طے پانے کی تردید کردی

پراپیگنڈا کیاگیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ ہوگیا ‘ انتخابات کی تاریخ دیں ہم بیٹھ جاتے ہیں ۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 15:32

تحریک انصاف نے حکومت سے معاہدہ طے پانے کی تردید کردی
صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے معاہدہ طے پانے کی تردید کردی ۔ تفصیلات کے مطابق صوابی میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی ائی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پراپیگنڈا کیاگیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ ہوگیا ‘ انتخابات کی تاریخ دیں ہم بیٹھ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے سینے ہوتے ہیں جو کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں ، تصاویر چلائی گئیں کہ کارکنوں کے پاس اسلحہ ہے ، آؤ میدان میں پاکستان کے عوام کو فیصلہ کرنے دو ، ہمارے لوگوں نے قربانیاں دیں ،آج بھی ہم غلام ہیں کیا؟۔

قبل ازیں یہ اطلاعات ائی تھیں کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ، معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، اب لانگ مارچ نہیں صرف جلسہ ہوگا اور عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے ، جس میں حکومت کی جانب سے ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی پرویز خٹک اور اسد عمر نے کی۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل کردی ، سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی ہے ، جس کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ سب سے گزارش ہے کہ اپنے ساتھ پاکستان کا جھنڈا لے کر جائیں ، آج پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا ہے ، جس کے آغاز پر بھی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کر رہا ہوں ، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں ، میں خیبرپختونخوا کے عوام کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے ولی انٹرچینج پہنچنا ہے جہاں سے میں اس کاروان کی قیادت کروں گا اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے ، مجھے امید ہے سب نکلیں گے کیوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات