Live Updates

عمران خان کو کسی صورت اسلام آباد نہیں آنے دیں گے ؛ وزیر داخلہ

پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے گھر سے اسلحہ برآمد ہونا خونی مارچ کا ثبوت ہے‘ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ۔ رانا ثناء اللہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 16:17

عمران خان کو کسی صورت اسلام آباد نہیں آنے دیں گے ؛ وزیر داخلہ
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی بھی صورت اسلام آباد نہیں آنے دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے گھر سے اسلحہ برآمد ہونا خونی مارچ کا ثبوت ہے ، عمران نیازی سیاست نہیں کررہا، دہشت گردی پر اتر آیا ہے لیکن ہم عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ، بہتر ہوگا عمران نیازی آئین، قانون اور امن کا راستہ اپنائیں اور خونی انقلاب منسوخ کردے اور پختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری کو اپنے فساد کے لئے استعمال نہ کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پونے 4 سال قوم کو وعدوں کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے اب بتی چوک کی آوازیں لگارہے ہیں ، یہ کوئی پُرامن سیاسی کاررواں نہیں بلکہ مسلح لشکر کشی ہے ، معیشت کی بنیادوں میں بارود بھرنے والوں کو امن تباہ نہیں کرنے دیں گے ، قانون پر سختی سے عمل ہوگا، اسے پکڑے گا جو قانون ہاتھ میں لے گا ۔

(جاری ہے)

ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے ، ہم پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے ہیں یہ غلام اور امپورٹیڈ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا ، میں عدالتوں سے سوال کرتا ہوں کہ ہمیں ہماری آئینی حق سے کیسے روکا جارہا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ پرامن رہے ہیں ہم قوم کو اکھٹا کرکے ایک قوم بنا رہے ہیں ، اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیے پورے پاکستان نے نکلنا ہے ، امریکا کا غلام یہ کرپٹ ٹولہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتا ، میں عوام سے کوئی ڈرنہیں یہ عوام سے ڈرتے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات