Live Updates

وقار یونس کا ورلڈ کپ 1992ء جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہ بننے کا اظہار افسوس

جس دن ٹیم واپس آئی میں پہلی قطار میں کھڑا تھا، جب وہ باہر آئے تو مجھے لگا کہ کسی نے ٹانگوں سے روح نکال لی ہے،میں بیٹھ کر رونے لگا، ٹیم کے ارکان نے مجھے اٹھایا اور جشن کا آغاز ہوا: سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 مئی 2022 16:19

وقار یونس کا ورلڈ کپ 1992ء جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہ بننے کا اظہار افسوس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2022ء ) سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ نہ بننے پر افسوس کا اظہار کیا۔ حال ہی میں احسن خان کے ساتھ ٹائم آؤٹ پر انٹرویو میں سابق کپتان نے اس لمحے کو یاد کیا جب ٹرافی اور ان کی ٹیم کے ارکان پاکستان میں اترے تھے۔ وقار یونس ورلڈ کپ سے قبل کمر میں سٹریس فریکچر کا شکار ہوئے اور انہیں پاکستان واپس آنا پڑا۔

وقار یونس نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں فاتح ٹیم کا حصہ نہیں تھا لیکن میں اپنے ساتھیوں کیلئے بہت پرجوش اور خوش تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اب بھی وہ دن بہت واضح طور پر یاد ہے جس دن پاکستانی ٹیم واپس آئی تھی، اس زمانے میں ہوائی جہاز کے ساتھ کوئی سیڑھیاں نہیں لگی ہوتی تھیں، جہاز کے گیٹ پر بڑی بڑی سرچ لائٹس لگائی جاتی تھیں، دروازہ کھلا تو کرسٹل ٹرافی سب سے پہلے باہر آئی اور میں پہلی قطار میں کھڑا تھا، جب وہ باہر آئے تو مجھے لگا کہ کسی نے میری ٹانگوں سے روح نکال لی ہے اور میں بیٹھ کر رونے لگا، یہ ایک ہی وقت میں بہت جذباتی لیکن خوشی کا لمحہ تھا ،آخرکار میری ٹیم کے ارکان نے مجھے اٹھایا اور جشن کا آغاز ہوا۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے اس وقت کے ساتھی کھلاڑیوں کی تعریف کی جنہوں نے ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں بانڈنگ بہت اچھی تھی، عمران خان کی قیادت ٹھوس تھی، جاوید میانداد بہت مضبوط تھے ،انڈر 19 لیول سے 6 ،7 کھلاڑی آئے اور ہم سب ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ تھے ، ہمارے پاس وسیم بھائی بھی تھے، جو تھوڑا سینئر تھے لیکن ہم سب کو اکٹھا کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات