Live Updates

عمران خان سے خون کا رشتہ ہے: شیخ رشید

راولپنڈی کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے، شام کو لال حویلی سے نکلیں گے اور کنٹینرز کو اُٹھا کر پھینک دیں گے،چور اور ڈاکو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب بن گئے،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کارکنوں سے خطاب

Umar Nawaz عمر نواز بدھ 25 مئی 2022 16:52

عمران خان سے خون کا رشتہ ہے: شیخ رشید
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 مئی 2022ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرا عمران خان سے خون کا رشتہ ہے۔لال حویلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے، شام کو لال حویلی سے نکلیں گے اور کنٹینرز کو اُٹھا کر پھینک دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مجھ سے کہا صوابی آجاؤ لیکن میں نے پنڈی میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اصل حکومت نواز شریف لندن سے بیٹھ کر کررہے ہیں، چور اور ڈاکو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب بن گئے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات کے اعلان تک تحریک جاری رہے گی، امن اور جمہوریت کی سیاست کریں گے، اپنے مخالفین کا بھی تحفظ کریں گے۔

(جاری ہے)

کچھ دیر قبل سابق وزیرداخلہ شیخ رشید لال حویلی پہنچے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ میری لال حویلی پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی لال حویلی پہنچ گئے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل موٹر سائیکل پر لال حویلی پہنچے ہیں۔ کچھ دیر قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ اور افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست کا اہم دن ہے، عمران خان کی قیادت میں قوم نکل آئی ہے ، ڈرپوک بھگوڑے کبھی سعودی عرب میں پناہ لیتے ہیں اور کبھی لندن بھاگ جاتے ہیں ،3سے 5 دنوں میں اہم فیصلے ہوکر رہیں گے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی معیشت کو سازش سے نااہل لوگوں کے ہاتھوں تباہ کیا جارہا ہے ، ایسے عالم میں عدلیہ، افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، ہم نے امن کے راستے کو اپنانا ہے، آج 2 اور 3بجے کے درمیان لال حویلی پہنچوں گا وہاں سے پُرامن ریلی کی قیادت کرکے اسلام آباد جاؤں گا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا تھا ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل پولیس کے کریک ڈاؤن اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے خلاف اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے کے بعد سامنے آیا ، فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ، ایف آئی اے کو سابق وفاقی وزیر کو 25 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا ۔

خیال رہے کہ پولیس نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر دو بار چھاپہ مارا ، اس دوران پولیس نے لال حویلی سے عوامی مسلم لیگ کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار نوجوان سے پارٹی جھنڈے اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی 2 بجے لال حویلی پر پولیس کی بڑی تعداد نے دوبارہ ریڈ کیا ہے اور 6 بے گناہ افراد کو لال حویلی سے گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے ، لال حویلی کے گردونواح میں وردی اور سفید کپڑوں میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کل 2 بجے نکلنے والی آزادی مارچ ریلی کا راستہ روکا جا سکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات