Live Updates

الیکشن کمیشن نے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی خالی کردہ 20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

پولنگ17جولائی کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی 4 جون سے 7 جون تک جمع کروائے جاسکیں گے22جون کو حتمی فہرستیں جاری کردی جائیں گی.الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 17:35

الیکشن کمیشن نے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی خالی کردہ 20 جنرل نشستوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2022 ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی خالی کردہ 20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پولنگ 17 جولائی کو ہوگی. الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 4 جون سے 7 جون تک جمع کروائے جاسکیں گے ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک کریں گے اور ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 15 جون تک دائر کروائی جاسکیں گی.

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹربیونل اپیلوں پر 21 جون تک فیصلہ کرے گا جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 22 جون کو آویزاں کی جائے گی‘نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 23 جون ہے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 24 جون کو الاٹ کیے جائیں گے. الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 224 کے سیکشن 102 کی شق 4 کے مطابق انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان میں لاہور کے 4، جھنگ، لودھراں اور مظفر گڑھ کے2، 2، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کا ایک، ایک حلقہ شامل ہے.

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حلقہ پی پی 7 راولپنڈی 2،حلقہ پی پی 83 خوشاب 2‘حلقہ پی پی 90 بھکر 2‘حلقہ پی پی 97، فیصل آباد 1‘حلقہ پی پی 125 جھنگ 2‘حلقہ پی پی 127 جھنگ 4‘حلقہ پی پی 140 شیخوپورہ 6‘حلقہ پی پی 158 لاہور 15‘حلقہ پی پی 167 لاہور 26‘حلقہ پی پی 168 لاہور 25‘حلقہ پی پی 170 لاہور 27‘حلقہ پی پی 202 ساہیوال 7‘حلقہ پی پی 217 ملتان 7‘حلقہ پی پی 224 لودھراں 1‘حلقہ پی پی 228 لودھراں 5‘حلقہ پی پی 237 بہاولپور 1‘حلقہ پی پی 272 مظفر گڑھ 5‘حلقہ پی پی 273 مظفر گڑھ 6‘حلقہ پی پی 282 لیہ 3‘حلقہ پی پی 288 ڈیرہ غازی خان 4‘خیال رہے الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن 23 مئی کو جاری کیا تھا.

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے عمومی نشستوں پر منتخب ہونے والے 20 اراکین، خواتین کی مخصوص نشستوں پر 3 اور اقلیتی نشستوں پر براجمان 2 اراکین کی رکنیت ختم کردی گئی تھی الیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، محمد سلمان نعیم، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گِل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم، فیصل حیات صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی گئی ہے ان میں سے متعدد اراکین کا تعلق جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ اور اسد کھوکھر گروپ سے ہے.


Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات