پاکستان کاکشمیری حریت پسند راہنما یاسین ملک کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر عمر قید کی سزا سنائے جانے پر شدید احتجاج

بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے یاسین ملک کی سزا کے خلاف پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا.دفتر خارجہ کا اعلامیہ جابرانہ اقدامات جائز جدوجہد کیلئے کشمیریوں کا جذبہ نہیں دبا سکتے ‘ہم سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کے ساتھ ہیں.ترجمان افواج پاکستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 مئی 2022 23:12

پاکستان کاکشمیری حریت پسند راہنما یاسین ملک کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2022 ) پاکستان نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے من گھڑت، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر سخت سزا سنائے جانے پر شدید احتجاج کیا ہے دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے یاسین ملک کی سزا کے خلاف پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا.

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارتی عدالت کے بدنیتی پر مبنی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے سزا سنائی گئی اور اس کے لیے بھارت نے عدالت کو استعمال کیا ہے حریت رہنما کو بھارتی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بھی کہا ہے کہ پاکستان یاسین ملک کو من گھڑت الزامات میں سنائی گئی عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کرتا ہے.


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسے جابرانہ اقدامات جائز جدوجہد کیلئے کشمیریوں کا جذبہ نہیں دبا سکتے ہیں ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہم سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کے ساتھ ہیں.

قبل ازیں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ آج بھارتی جمہوریت اور نظام انصاف کیلئے سیاہ دن ہے انہوں نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کو قید کر سکتا ہے مگر آزادی کا خواب پابند سلاسل نہیں کیا جا سکتا ہے. وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ حریت راہنما کو دی گئی سزا آزادی کی جدوجہد میں نئی روح پھونکے گی، کشمیریوں کا حق خود ارادیت کوئی نہیں چھین سکتا.

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی عمر قید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں یاسین ملک کی سزا کیخلاف آواز بلند کریں، یاسین ملک کی سزا سے جد و جہد آزادی میں تیزی آئے گی کشمیر کمیٹی کے سابق سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قید و بند کی صعوبتیں آزادی کے متوالوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم کا نوٹس لے. واضح رہے کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت نے من گھڑت، جھوٹے اور بے بنیادی الزامات پر دو مرتبہ عمر قید، پانچ مرتبہ 10/10 سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے.