وزارت مذہبی امور نے حج 2022ء کیلئے متوقع حج پیکیج کا اعلان کر دیا

بدھ 25 مئی 2022 23:30

وزارت مذہبی امور نے حج 2022ء کیلئے متوقع حج پیکیج کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزارت مذہبی امور نے حج 2022ء کیلئے متوقع حج پیکیج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق جنوبی زون کے عازمین کیلئے 7 لاکھ 91 ہزار 337 روپے حج اخراجات ہونگے۔ سرکاری سکیم کے تحت کامیاب درخواست گزاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ بینک برانچوں میں جمعرات 26 اور جمعہ 27 مئی تک تمام واجبات جمع کرا دیں بصورت دیگر وہ ناکام تصور ہونگے۔

بدھ کو وزارت مذہبی امور کے مطابق جنوبی زون کراچی، کوئٹہ اور سکھر کیلئے قربانی کے بغیر 7 لاکھ 45 ہزار 967 روپے جبکہ قربانی کے ہمراہ 7 لاکھ 91 ہزار 337 روپے جبکہ شمالی زون اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور رحیم یار خان کے عازمین کیلئے بغیر قربانی کے 7 لاکھ 55 ہزار17 ہزار روپے جبکہ قربانی کے ہمراہ 8 لاکھ 337 روپے متوقع حج اخراجات مقرر کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق اگر حج اخراجات کم ہوئے تو رقم عازمین کو واپس کی جائے گی اور جو کامیاب درخواست گزار اپنی رقوم متعلقہ بینک برانچوں میں مقررہ تاریخ یعنی 26 اور 27 مئی تک جمع نہیں کرائیں گے وہ ناکام تصور ہونگے اور ان کی جگہ ویٹنگ پر موجود ناکام درخواست گزاروں کو ان کے نمبر کے حساب سے موقع دیا جائے گا۔ جنوبی زون کے نوزائیدہ بچوں کیلئے حج اخراجات 3100 روپے جبکہ شمالی زون کے نوزائیدہ بچوں کیلئے حج اخراجات 4 ہزار روپے ہونگے۔

وزارت کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے لازمی حج اخراجات کی تفصیل فراہم کر دی گئی ہے تاہم کچھ تفصیل ابھی باقی ہے لہٰذا اب تک کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سرکاری حج سکیم 2022ء کیلئے مذکورہ بالا متوقع حج پیکیج تصور ہو گا تاہم اگر سعودی عرب کی جانب سے حتمی فیصلے کے بعد ضرورت پڑنے پر اعلان کے مطابق اضافی رقم بھی جمع کرانا لازم ہو گی۔ موجودہ حج پیکیج کے مقابلے میں حج اخراجات کم ہونے کی صورت میں عازمین حج کو اضافی رقم واپس کر دی جائے گی۔