Live Updates

پی ٹی آئی کارکنان ریڈ زون میں امریکی سفارتخانے کے قریب پہنچ گئے

عمران خان کے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کارکن ریڈ زون میں داخل ہو گئے، پی ٹی آئی کارکنان ایوان صدر اور ڈپلومیٹک انکلیو بھی پہنچے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 26 مئی 2022 09:20

پی ٹی آئی کارکنان ریڈ زون میں امریکی سفارتخانے کے قریب پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 26مئی2022) پی ٹی آئی کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ریڈ زون میں امریکی سفارتخانے کے قریب پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شامل شرکاء اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے پہنچ گئے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں گزشتہ روز پشاور سے شروع ہونے والا آزادی مارچ کا قافلہ کئی گھنٹوں کا سفر طے کرنے کے بعد صبح سویرے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچا جہاں عمران خان نے خطاب بھی کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور جون میں نئے الیکشن کا اعلان کیا جائے ورنہ پوری قوم کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آؤں گا اور اس بار کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خوف دلایا جاتا ہے کہ بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا، 6روز میں الیکشن کا اعلان نہ کیا تو ساری قوم کو لے کر اسلام آباد آؤں گا، عمران خان نے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دے دیاواضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں’حقیقی آزادی‘ لانگ مارچ قافلے کی صورت میں اسلام آباد میں رواں دواں ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز قافلے کے ہمراہ صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا اور تقریباً 7گھنٹے قبل اسلام آباد میں داخل ہونے والا قافلہ جمعرات کو صبح سویرے ایچ نائن پہنچ گیا اوراب ڈی چوک کی جانب گامزن ہے۔اس سے قبل عمران خان نے حسن ابدال میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عوام کا سمندر لے کر ڈی چوک آرہے ہیں، میرے ساتھ عوام کا سمندر ڈی چوک آ رہا ہے ، حکومت جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دےگی وہاں سےنہیں جائیں گے۔

عمران خان کے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے بعد پی ٹی آئی کارکن ریڈ زون میں داخل ہو گئے، پی ٹی آئی کارکنان ایوان صدر اور ڈپلومیٹک انکلیو بھی پہچنے۔بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کے قریب پہنچ گئے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ریڈ زون میں رینجرز اور افواج پاکستان تعینات ہے اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خود اس صورت حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات