’’پاوری گرل‘ ‘کو یونیورسٹی پروگرام میں مدعو کرنے پر لوگ برہم

ایسے لوگوں کو بلانے سے تعلیمی اداروں کے معیار پر بھی انگلی اٹھتی ہے‘شائقین

جمعرات 26 مئی 2022 11:59

’’پاوری گرل‘ ‘کو یونیورسٹی پروگرام میں مدعو کرنے پر لوگ برہم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) نجی یونیورسٹی ’شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایںڈ ٹیکنالوجی‘ (زیبسٹ) کی جانب سے میڈیا فیسٹیول میں ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین کو مدعو کیے جانے پر شائقین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو بلانے سے تعلیمی اداروں کے معیار پر بھی انگلی اٹھتی ہے۔دنانیر مبین اس وقت اچانک دنیا بھر میں مشہور ہوئی تھیں جب کہ 6 فروری 2021 کو ان کی ایک مختصر انسٹاگرام ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

دنانیر نے 6 فروری کو اپنی بہن اور سہیلیوں کے ہمراہ شمالی علاقہ جات میں سیر سیاحت کے دوران محض 5 سیکنڈ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جو کافی وائرل ہوئی تھی۔مختصر ویڈیو میں دنانیر انگریزی انداز میں اردو بولتے ہوئی دکھائی دی تھیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ ویڈیو میں دنانیر کو ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راتوں رات اسٹار بن جانے والی دنانیر مبین نے اگرچہ بعد ازاں ماڈلنگ اور اداکاری میں بھی انٹری دی اور اسی وجہ سے زیبسٹ نے اپنے میڈیا فیسٹیول میں بھی انہیں مدعو کیا مگر لوگوں کی ان کی وہاں موجودگی اچھی نہیں لگی۔زیبسٹ انتظامیہ نے دنانیر مبین کو ’زیب میڈیا فیسٹیول‘ میں ’دی انسٹنٹ ریوولیوشن‘ نامی پروگرام میں گفتگو کے لیے مدعو کیا تھا۔