Live Updates

عدالت نے وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو عدالتی جواب جمع نہ کروانے پرجرمانہ عائد کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا

جمعرات 26 مئی 2022 12:24

عدالت نے وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو عدالتی جواب جمع نہ کروانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) عہدے سے ہٹانے کی درخواستوں کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو عدالتی حکم پر جواب جمع نہ کروانے پرایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے جمعرات کو جاری کئے گئے تحریری حکم میں کہا ہے کہ عدالت کو جواب جمع نہ کروانے پر وزیر اعلی حمزہ شہباز سمیت تمام فریقین پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدہوگا۔

تحریری حکم میں چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی ،ڈپٹی اسپیکر پنجاب ، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کو بھی جواب جمع نہ کروانے پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اور کہا گیا ہے کہ جرمانہ کی تمام رقم 30مئی سے قبل لاہور ہائیکورٹ بار کے اکاونٹ میں جمع کروائی جائے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سبطین خان ، مسلم لیگ ق اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی چار درخواستوں پر بدھ کے روزسماعت کی تھی۔

دوران سماعت عدالت نے فریقین کی طرف سے عدالتی حکم کے باوجود جواب داخل نہ کرانے پر جرمانہ عائد کردیا تھا جس کا تحریری حکم نامہ جمعرات کو جاری کیا گیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات