Live Updates

لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج

جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ، حسان نیازی اور زبیر نیازی کے خلاف املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے‘ مقدمات میں سینکڑوں نامعلوم افراد کو بھی نامزد کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 مئی 2022 12:37

لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف لاہور میں مقدمات درج کر لیے گئے ، جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ، حسان نیازی اور زبیر نیازی کے خلاف املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ، مقدمات میں سینکڑوں نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ، بھاٹی گیٹ، شاہدرہ اور اسلام پورہ میں درج کیے گئے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف پولیس اہلکاروں پر تشدد ، اغواء ، اینٹی رائٹ سامان چھیننے ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید گرفتاریوں کا اعلان کیا تھا ، صوبائی حکومت کے ترجمان عطا تارڑ نے کہا ہے کہ توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ کرنے والوں کی مزید گرفتاریاں کی جائیں گی ، گلگت بلتستان سے حملہ آور ہونے والے پولیس افسروں پرمقدمات ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عمران نیازی کا مایوس چہرہ عیاں ہوگیا ، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ اتحادی حکومت کرے گی ، جو حشر مارچ کا ہوا اس کے بعد عمران خان کو سیاست چھوڑ دینی چاہیے ، عمران نیازی نے پی ٹی آئی کو بند گلی میں دھکیل دیا ، عمران نیازی اس گڑھے میں گرا جو اس نے دوسروں کیلئے کھودا تھا ۔ ادھر سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست وفاقی حکومت نے دائر کی ، عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پرلارجر بینچ تشکیل دے دیا ، سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان نے اپنے کارکنان کو ڈی چوک بھیجا ، سکیورٹی انتظامات کے رد و بدل کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ، اس دوران فائر بریگیڈ کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات