کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائیں‘علی جان خان

عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردارکریں، گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں‘سیکرٹری صحت

جمعرات 26 مئی 2022 14:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرعلی جان خان نے کہاہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں ڈینگی بخار سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ۔ محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ علی جان خان نے کہاکہگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کا 1 مریض رپورٹ ہوا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے مریض کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 110 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ رواں سال کے دوران لاہور سے ڈینگی کے کل 52 کیسز سامنے آئے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 17 مریض داخل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب کے 296,352 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔

گزشتہ روز پنجاب بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 76,077 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔گزشتہ روز پنجاب بھر میں 30 مقامات سے لاروا برآمد ہوا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 7,404 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 3,589 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔گزشتہ روز لاہور میں 22 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔

صوبائی سیکرٹری صحت نے عوام سے کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔انہوں نے پنجاب کے تمام علماء کرام سے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی بارے آگاہی دینے کی اپیل کی گئی ہے۔صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔