مسلم لیگ ن کی حکومت پی ٹی وی سپورٹس کو کیوں تباہ کر رہی ہے؟

نئی حکومت نے انتظام سنبھالنے کے بعد اعلیٰ انتظامیہ کو برطرف کرنے کیساتھ جاری ، مستقبل کے بیشتر منصوبوں پر بریک لگانے کا فیصلہ کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 مئی 2022 16:10

مسلم لیگ ن کی حکومت پی ٹی وی سپورٹس کو کیوں تباہ کر رہی ہے؟
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 مئی 2022ء ) پی ٹی وی سپورٹس ہاکی ایشیا کپ 2022ء جیسے اہم ایونٹس کو ٹیلی کاسٹ نہیں کر رہا ہے اور آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق سے بھی محروم ہے۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ نئی حکومت نے چینل کے انتظام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں جس کی وجہ سے اس کی ترقی کا سفر رک گیا ہے۔ پی ٹی وی سپورٹس ملک کا سب سے بڑا سپورٹس براڈکاسٹر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے لیے واحد فراہم کنندہ ہے۔

تاہم پی ٹی وی سپورٹس کا اس وقت تنزلی کی جانب سفر جاری ہے بالخصوص اگر انتظامیہ اسے نظر انداز کرتی رہی اور چینل کو بچانے کے لیے اقدامات متعارف نہ کرائے گئے۔ کھیلوں کے بڑے ایونٹس پیش کرنے سے لے کر اچانک پی ٹی وی سپورٹس اہم ترین ٹورنامنٹس کے براڈکاسٹرز میں کہیں نظر نہیں آتا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں ایشیا کپ ہاکیم یں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوا تاہم پی ٹی وی سپورٹس نے ایونٹ سے مکمل طور پر آنکھیں بند کر لیں۔

پاکستان کا ٹاپ سپورٹس چینل قومی کھیل میں بھارت کے خلاف اہم مقابلہ ٹیلی کاسٹ کرنے میں ناکام رہا۔ مزید یہ کہ فٹ بال کے شائقین کو دوسرے چینلز کی طرف بھی دیکھنا پڑے گا کیونکہ پی ٹی وی سپورٹس 2022ء فیفا ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی وی سپورٹس کی ترقی میں تعطل کا تعلق ملک میں حکومت کی تبدیلی سے ہے۔

کنٹرول سنبھالنے کے فوراً بعد نئی حکومت نے اعلیٰ انتظامیہ کو برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ جاری اور مستقبل کے بیشتر منصوبوں پر بریک لگانے کا فیصلہ کیا۔ پی ٹی وی نے اپنی اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی 4 ارب روپے کا ریکارڈ بنایا ہے جس کا سب سے بڑا حصہ پی ٹی وی سپورٹس کی جانب سے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ میں دراڑ پچھلی حکومت کی جانب سے اے آر وائی نیٹ ورک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے ہوئی۔ ’پرو پاکستانی‘ ویب سائٹ نے اس معاملے پر روشنی ڈالنے کے لیے پی ٹی وی حکام سے رابطہ کیا ہے لیکن ان کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔