انسانی حقوق کی تنظیمیں یسین ملک کی حفاظت کیلئے اپنا کردار اداکریں، شیخ انوارالحق

جمعرات 26 مئی 2022 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان شیخ انوارالحق نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند لیڈر یسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے ناحق عمر قید کی سزا دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اس ظلم پر نوٹس لے ۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یسین ملک کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کی جان کو حقیقی خطرہ ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں یسین ملک کی حفاظت کیلئے اپنا کردار اداکریں ۔

انہوں نے کہا کہ یسین ملک بے گناہ ہے اور ان پر بھارتی حکومت کی طرف سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں کسی بھی جرم کو قبول نہیں کیا وہ صرف اور صرف مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور بھارتی حکومت نے جھوٹے مقدمے میں ان کو مجرم ٹھہرا کر سزا کیلئے غلط طریقہ استعمال کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یسین ملک مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت پسندی کی تاریخ کے درخشاں ستارے کا نام ہے جو جدوجہد آزادی کے جرم میں گذشتہ کئی سال سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پابند سلاسل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یسین ملک نے اپنی جوانی کشمیریوں کی آزادی پر قربان کردی، بھارت کو جب یسین ملک اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف تمام ترتشدد اور ناروا سلوک کرنے کے باوجود کچھ نہ ملا تو ان کو دہشت گرد قرار دے کر جھوٹی سزا سنادی ۔