کراچی: ٹیکسز کی وصولی کی روڈ چیکنگ مہم کے دوران دسویں دن کے اختتام تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 27915 گاڑیاں چیک کی گئیں

جمعرات 26 مئی 2022 23:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2022ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ کی جانب سے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکسز کی وصولی کی روڈ چیکنگ مہم کے دوران دسویں دن کے اختتام تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 27915 گاڑیاں چیک کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 8053 حیدرآباد میں 7933 اور سکھر میں 2878 گاڑیوں کو چیک کیا گیا جبکہ لاڑکانہ میں 4025 میرپور خاص میں 3309 اور شہید بینظیر آباد میں 1707 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

(جاری ہے)

روڈ چیکنگ مہم کے دوران اب تک مختلف وجوہات کی بناء پر 1852 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا ہے جبکہ اسی دوران 2275 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ دسویں دن تک مجموعی طور پر تقریبا 3 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے اپنے ایک بیان میں محکمہ ایکسائز سندھ کے عملے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کی مہم 3 جون تک جاری رہے گی۔ انہوں نے ٹیکس نادہندہ گان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکسز کی تفصیلات کے لئے محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ www.excise.gos.pk کا وزٹ کریں اور ویب سائٹ پر موجود ویب کلکیولیٹر کے ذریعے اپنے ٹیکسز کی مکمل معلومات لے سکتے ہیں۔