پیپلز یونٹی آف کے ایم سی فائر بریگیڈ کو سیاسی اکھاڑہ نہیں بننے دے گی،اشرف اعوان

جمعرات 26 مئی 2022 23:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) پیپلز یونٹی آف کے ایم سی اشرف اعوان گروپ کے صدر اشرف اعوان نے کہا ہے کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ کو سیاسی اکھاڑہ نہیں بننے دے گی۔ سرکاری پیپلز یونٹی کے صدر معمولی ڈرائیور پروفیشنل کلرکو اسٹیشن آفیسر ہاکس بے تعینات کردیا گیا جبکہ چیئرمین اور جنرل سیکریٹری نے ساری سروس میں ایک بار بھی فائر کال پر ڈیوٹی انجام نہیں دی پہلے متحدہ کا لبادہ اوڑھ کر بیٹھے تنخواہیں وصول کرتے رہے اب پیپلز لیبر بیورو کا سہارا لے کر ڈیوٹی انجام دینے کی بجائے دفاتر سے بھتے وصول کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پیپلز لیبر بیورو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پیپلز لیبر بیورو کراچی میں مفاد پرست ٹولہ مسلط ہے جو کہ بلدیاتی اداروں میں داخل ہوکر پیداگیری کو فروغ دے کر پیپلز پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اشرف اعوان نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے بانی رکن ہیں اور انہوں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن مفاد پرست ٹولے کو سپورٹ کرنے پر وہ کبھی بھی پیپلز لیبر بیورو کا حصہ نہیں بنیں گے۔

پیپلز یونٹی کے ایم سی بلدیاتی اداروں سے مفاد پرست ٹولے کا خاتمہ کرے گی۔ ہم اپنی آزاد حیثیت ادارے میں قائم رکھیں گے اور ادارے سے باہر پیپلز پارٹی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز سے مفاد پرست ٹولے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے حقیقی پارٹی کارکنوں کو یونینز کا حصہ بنانے سے اسلم سموں جیسے مفاد پرست کا کراچی ڈویژن سے کردار ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔