کراچی ، ضلع وسطی کو شرقی سے جوڑنے والے فلائی اوور کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح

جمعرات 26 مئی 2022 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کو شرقی سے جوڑنے والے فلائی اوور کی تزئین و آرائش کے بعد اس کا افتتاح کیا اور اس فلائی اوور کو ملک کے نامور مصور اقبال مہدی کے نام سے منسوب کیا گیا، اس موقع پر اقبال مہدی کی صاحبزادی،پیپلز پارٹی کے عہدیداران شکیل چوہدری، وقاص شوکت اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس فلائی اوور کو مصوری کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے مصور اقبال مہدی کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، انہو ں نے کہا کہ اقبال مہدی پاکستان کی وہ مایہ ناز شخصیت ہیں جنہو ں نے اپنے فن کو اس طرح پیش کیا کہ وہ اپنے فن میں یکتا ہو گئے، اسکیچز بنانے میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا اسی طرح مصوری کے حوالے سے وہ پاکستان کے صف اول کے فنکار تھے اور حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پارکوں، فلائی اوورز، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر کاکام جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے وہ منصوبے جنہیں ماضی میں تعمیر کیا گیا تھا ا ن کو بھی بہتر کریں، سندھ حکومت نے مختلف ادارو ں کے تعاون سے پی آئی ڈی سی پل، ناتھا خان پل، سٹی اسٹیشن کے برابر سے گزرنے والا پل اوردیگر پلوں کی تزئین و آرائش کی ہے، اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں اور اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ انہیں سندھ کی ثقافت سے بھی ہم آہنگ رکھا جائے، انہو ں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ وڑن ہے کہ کراچی کے ترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ ساتھ غریب اور پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی دی جائے، کراچی نیبر ہوڈ پروجیکٹ کے تحت ابراہیم حیدری، کوسٹ گارڈ چورنگی، ملیر، کھوکھرا پار، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، گذری، بوٹ بیسن سمیت دیگر علاقوں میں کئی ترقیاتی منصوبے زیر تعمیر ہیں اور ان سب منصوبوں کے لئے فنڈز پہلے سے مختص کئے گئے ہیں تاکہ اسی سال یہ منصوبے تکمیل کے مراحل طے کرسکیں، انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک کی خدمت کرنے والی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس شہر کی عمارتوں، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو ان کے فن اور شخصیت سے آگہی ملے، علاقہ مکینوں نے فلائی اوور کی از سر نو تعمیراور تزئین وآرائش پر ایڈمنسٹریٹرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کا شکریہ ادا کیا جبکہ اقبال مہدی کی صاحبزادی اور ان کے خاندان کے دیگر افراد نے بھی ا س بات کو سراہا کہ اقبال مہدی کی خدمات کوسراہنے کیلئے اس فلائی اوور کا نام ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔