کراچی کے ضلع شرقی میں اتائیوں کیخلاف کارروائی میں تیزی لانے کا فیصلہ

جمعرات 26 مئی 2022 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2022ء) ڈائریکٹر انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن(ایس ایچ سی سی) سید ذیشان شاہ نے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی ( ایسٹ) آصف جان سے کمیشن کے ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔میٹنگ کا مقصد ایس ایچ سی سی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کو بڑھانا اور ضلع شرقی ( ایسٹ)میں مشترکہ حکمت عملی اپنا کر اتائیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لانا تھا ۔

اجلاس میں یہ طے پایا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور ایس ایچ سی سی مل کر اتائیوں کے E کلینکس کا معائنہ کریں گے۔ کمیشن کے سیکشن 39کے تحت ضلع شرقی میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی تعاون سے کاروائیاں ہونگی۔ میٹنگ میں کورونا وائرس کے بعد کراچی اور دیگر شہروں میں اتائیوں کی تعداد بڑھنے اور کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کی کمی پر بھی تفصیل کے ساتھ بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ صوبے بھر کے طبی مراکز کا معائنہ کرے اور غیر قانونی پریکٹس پر قانون کے مطابق کاروائی کرے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی ( ایسٹ) آصف جان نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کمیشن کے قوانین کے مطابق لائحہ عمل بنائیںگے۔ ضلع سینٹرل میں کامیاب شروعات کے بعد ضلع شرقی میں ضلعی انتظامیہ اور کمیشن مل کر اتائیوں کے خلاف مشترکہ کاروائیوں کا آغاز کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :