اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد

جو سعودی شہری یاغیر ملکی حج ادا کرنے کے خواہشمند ہیں وہ معروف طریقے کے مطابق اجازت نامہ حاصل کریں،محکمہ امن عامہ

جمعہ 27 مئی 2022 13:00

اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سعودی حکومت نے اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ جانے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ نے بتایاکہ مکہ مکرمہ میں داخل ہونیکے خواہشمند تمام افراد کو سکیورٹی کنٹرول سینٹرز پر روکا جائیگا اور جن کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہوں گی انہیں واپس کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سعودی حکام کے مطابق دیگر شہروں سے آنے والے صرف ان افرادکو مکہ مکرمہ میں داخلیکی اجازت ہوگی جن کے پاس عمرہ یا حج اجازت ناموں کے علاوہ متعلقہ اداروں سے جاری ہونے والا اجازت نامہ ہوگا جس سے ثابت ہوتا ہوکہ وہ مکہ مکرمہ میں ملازمت کرتے ہیں یا پھر ان کا اقامہ مکہ مکرمہ سے جاری شدہ ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے یہ پابندی رواں سال ہونے والے حج کے انتظامات کے سلسلے میں لگائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی قوانین کے تحت حج کے ایام میں کسی بھی سعودی شہری یا وہاں مقیم غیر ملکی کو بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔محکمہ امن عامہ نے تاکید کی کہ جو سعودی شہری یاغیر ملکی اس سال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمند ہیں وہ معروف طریقے کے مطابق اجازت نامہ حاصل کریں۔