عالمی برادری حریت رہنما یاسین ملک کی جان بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے،سینیٹرثمینہ ممتاز زہری

جمعہ 27 مئی 2022 15:57

عالمی برادری حریت رہنما  یاسین ملک کی جان بچانے کے لئے اپنا کردار ادا ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے معروف کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے عمرقیدکی سزادینے پر شدید غم و غصے اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے حریت رہنما کی سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے نام نہاد مقدمے کے ذریعے بھونڈے الزامات میں دوبار عمر قید کی سزا سنائے جانے کو بھارتی عدالتی نظام انصاف پر کلنک کا ٹیکہ قرار دیا ہے ۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون کی تنظیم سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما کی جان بچانے اور انہیں بھارتی جیل سے رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں مزید کہا کہ نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید کشمیری حریت پسند رہنما محمد یٰسین ملک کوبھارت کی ایک خصوصی عدالت نے بغاوت، وطن دشمنی اور دہشت گردی کا مجرم قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے یٰسین ملک کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یٰسین ملک نے جراءت اور ہمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں جو سزا دینی ہے دی جائے لیکن وہ کشمیر پر قابض بھارتی سرکار کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور نہ ہی آزادی کے راستے کو چھوڑیں گے۔ یٰسین ملک سے پہلے بھی بہت سے کشمیری لیڈروں افضل گرو،مقبول بٹ،سید علی شاہ گیلانی سمیت کئی دیگر سرکردہ رہنماﺅں پر بھارتی حکومت نے جھوٹے مقدمات قائم کئے اور وہ ان جھوٹے مقدمات کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے جیلوں میں ہی فوت ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما نے اپنی ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لئے جدوجہد کی اور اپنی ہر سانس کشمیر کی آزادی کے لئے قربان کی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہیاسین ملک پر جیل میں بے پناہ تشدد کیا جارہا ہے جس سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور اور ان پرانسانیت سوز ظلم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یٰسین ملک اور ان کے ساتھیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں اور یاسین ملک کے خلاف بے بنیاد ، بدنیتی اور انسانی حقوق کے خلاف ورزی پر مبنی سزا کو ختم کرا کر انہیں رہاکیا جائے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال کا عالمی دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ عالمی برادری حق خودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔