Live Updates

حکومتی اتحادی نے عوام کو ایک اور بری خبر سنادی

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لٹر اضافہ متوقع‘ سخت بجٹ بھی دینا پڑے گا ۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 27 مئی 2022 17:20

حکومتی اتحادی نے عوام کو ایک اور بری خبر سنادی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مئی 2022ء ) حکومت کی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے عوام کو ایک اور بری خبر سنادی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے ، آئی ایم ایف شاید کیے گئے اضافہ سے مطمئن نہ ہو ، اس لیے سخت بجٹ بھی دینا پڑے گا۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ سوال تو یہ ہے کہ عمران خان کی ناکامیوں اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کا بوجھ اپنے سر لینے میں کیا حکمت ہے؟۔ 
 
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرول ، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے اضافے کا اعلان کیا ، حکومت کے فیصلے کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 179 روپے 86 پیسے ، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 148 روپے 31 پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 174 روپے 15 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 155 روپے 56 پیسے ہو گئی۔

(جاری ہے)

ادھر ملک میں بہت جلد پیٹرول 200 اور ڈالر 225 روپے سے اوپر جانے کی پیش گوئی کردی گئی ، سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ریکارڈ کا حصہ بنالیں بہت جلد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 200 روپے سے زائدہوگی اور بہت جلد ڈالر 225 روپے سے اوپر ہوگا ۔
 
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں ملک کا بھٹہ بٹھا دیا گیا ، اب پتا چلا ان کرداروں کو کہ امپورٹڈ حکومت صرف کرپشن کرنا جانتی ہے ، امپورٹڈ حکومت نے معاشی تباہی پھیر دی ، بتایا جائے کہ اس ظلم و بربریت کا قوم کو کون حساب دے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات