کپاس کی کاشت کا 93 فیصد ہدف حاصل ہوچکا ہے جبکہ کاشت کا سلسلہ ابھی جاری ہے، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب

جمعہ 27 مئی 2022 17:48

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل  نے کہاہے کہ اب تک کپاس کی کاشت کا 93 فیصد ہدف حاصل ہوچکا ہے جبکہ کاشت کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار 31 مئی تک کپاس کی کاشت ہرصورت مکمل کریں اور یکم مئی سے 31مئی تک کاشتہ فصل میں پودوں کی تعداد 23000فی ایکڑ رکھیں۔ان خیالات کا اظہارسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے لودھراں، کہروڑ پکا اور دنیا پور کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئےکیا۔

انہوں نے مختلف فصلوں میں کپاس کی مخلوط کاشتہ فصل کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کاشتکاروں و فیلڈ افسران نے بتایا کہ اگیتی کاشتہ فصل 90 دن سے زائد کی ہوچکی ہے جس پربھرپور پھول، گڈی اور ٹینڈے لگے ہوئے ہیں۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئےسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشتہ فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ دوست کیڑوں کی بھاری تعداد کھیتوں میں موجود ہے جوکہ بہت خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

کپاس پر فی الوقت کسی پیسٹی سائیڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ثاقب علی عطیل نے کپاس پر پیسٹ پریشر کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات پر فصل کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار آئی پی ایم ٹیکنیکس پر عملدرآمد سے فصل کی مینجمنٹ کریں اس سے نہ صرف نقصان دہ کیڑے کنٹرول ہوتے ہیں بلکہ دوست کیڑے بھی محفوظ رہتے ہیں تاہم اگر نقصان دہ کیڑے معاشی نقصان سے بڑھ جائیں تو محکمہ زراعت کے مقامی افسران سے مشورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آئی پی ایم ماڈل کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کپاس کی نشوونما کا ابتدائی مرحلہ ہی پیداوار کاتعین کرتاہے اگر فصل صحت مند ہوتو پیداوار بھی زیادہ آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کپاس سے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنائیں کیونکہ جڑی بوٹیاں نہ صرف فصل کیلئے دستیاب خوراک استعمال کرتی ہیں بلکہ ضرررساں کیڑوں کی آماجگاہ کا کام بھی کرتی ہیں۔

ثاقب علی عطیل نے کہا کہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے۔ اس وقت یہ متباد ل میزبان پودوں پر کالونیز بنا رہا ہے۔ سفید مکھی کے تدارک کیلئے کاشتکار اس کے میزبان پودوں پرنباتاتی محلول بناکر سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ اور کاشتکاروں کی رہنمائی جاری رکھیں تاکہ امسال بھی کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔