پاکستان نیوی وار کالج کے 51ویں کانووکیشن کا انعقاد

پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے51ویں کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے

جمعہ 27 مئی 2022 17:40

پاکستان نیوی وار کالج کے 51ویں کانووکیشن کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2022ء) پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے51ویں کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
    
تقریب میں 98افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں سے57 کا تعلق پاک بحریہ، 04آرمی اور 05 کا پاک فضائیہ سے ہے جبکہ 32 افسران کا تعلق دوست ممالک بشمول آذر بائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملیشیا، میانمار، نائیجیریا، سعودی عرب، سری لنکا، سوڈان اور یمن سے ہے۔



اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے کہا کہ خطے کے متغیر جیو اسٹریٹیجک ماحول میں چوکنا رہنا اور آپریشنل تیاری قائم رکھنا جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

امیرالبحر نے کہا کہ پاکستان کو جدید بحری خطرات کا سامنا ہے کیوں کہ ہمارا جارحِ دشمن روایتی جنگی استعداد میں مسلسل اضافہ کررہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک کے ساتھ پرامن اور ہم آہنگ تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی اس خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔


    
قبل ازیں، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے اسٹاف کورس کے شرکاء کی مختلف پیشہ ورانہ اور علمی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔

تقریب میں مسلح افواج کے افسران، مقامی عمائدین اور گریجویٹ ہونے والے افسران کی فیملیز نے شرکت کی۔