وزیر اعلی کی ہدایت پر محکمہ صحت نے منکی پاکس بارے آگاہی شروع کردی: خواجہ سلمان رفیق

اللہ کے فضل سے پاکستان تا حال وائرس سے محفوظ، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں: خواجہ عمران نذیر

جمعہ 27 مئی 2022 19:30

وزیر اعلی کی ہدایت پر محکمہ صحت نے منکی پاکس بارے آگاہی شروع کردی: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2022ء) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر محکمہ صحت نے منکی پاکس مرض کے بارے پیشگی انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور طبی ماہرین کی مشاورت سے تمام متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائن بھی جاری کردی گئی ہیں اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان میں اس وائرس کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا تاہم مرض کی تشخیص کیلئے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی لیب میں سہولت میسرہے ۔

ان خیالات کا اظہار ممبران صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے آئی پی ایچ میں عوامی آگئی کیلئے منعقدہ سیمینار اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے پروفیسر ثوبیہ قاضی،ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر، ڈائریکٹر CDC ، ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسزڈاکٹر شاہد مگسی اور دیگر طبی ماہرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیچک، لاکڑا کاکڑا کی علامات منکی پاکس سے بہت مماثلت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو ہو خوف ذدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خطہ کے دیگر ممالک میں ابھی تک منکی پاکس کا کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈاکٹر ز /کلینیشنز، بغیر تشخیص کسی مریض کو منکی پاکس کا مشتبہ کیس ڈکلیئر نہ کریں۔ڈاکٹر زرفشاں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی لیب میں منکی پاکس کی تشخیص کیلئے لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیمینار کا مقصد ڈاکٹر ز کمیونٹی میں آگاہی اور مرض کے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا تاکہ ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر زبہتر انداز میں علاج معالجہ کر سکیں اور عوام احتیاطی تدابیر پر بھی عمل یقینی بنائیں۔اعلی سطح پر تمام ادارے آن بورڈ ہیں، محکمہ صحت، آئی پی ایچ پوری طرح تیار ہے۔