حکومت کا سرکاری حج اخراجات ساڑھے 6 لاکھ روپے سے کم کرنے کا اعلان

مکہ مکرمہ میں پہلے جو عمارت ماضی میں 3 ہزار ریال پر حاصل کی جاتی تھی وہ میں نے 2100 ریال میں لی ، اسی طرح مدینہ میں 1 ہفتہ کے لئے پہلے جو عمارت 2100 ریال میں لی جاتی تھی وہ میں نے 700 ریال میں حاصل کی ۔ وفاقی وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور کا پالیسی بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 27 مئی 2022 19:05

حکومت کا سرکاری حج اخراجات ساڑھے 6 لاکھ روپے سے کم کرنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مئی 2022ء ) حکومت نے سرکاری حج اخراجات ساڑھے 6 لاکھ روپے سے کم کرنے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں حج کے حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حکومت حج کے اخراجات ساڑھے چھ لاکھ روپے سے کم کرے گی ، سابق دور حکومت میں حج کے معاملے پر بھی ڈاکے ڈالے گئے ، ان کی ڈکیتیاں سامنے لاؤں گا کہ کیسے حج مہنگا کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے حج انتظامات کا خود جائزہ لیا ، مکہ مکرمہ میں پہلے جو عمارت ماضی میں 3 ہزار ریال پر حاصل کی جاتی تھی وہ میں نے 2100 ریال میں لی ، اسی طرح مدینہ میں 1 ہفتہ کے لئے پہلے جو عمارت 2100 ریال میں لی جاتی تھی وہ میں نے 700 ریال میں حاصل کی۔ مفتی عبدالشکور نے کہا کہ 2019ء میں آخری حج اخراجات 1800 ریال تھے، اب ہمیں بتایا گیا کہ سعودی عرب اب لازمی حج اخراجات کی مد میں 5 ہزار ریال مانگ رہا ہے میری خواہش تھی کہ حج اخراجات 7 لاکھ روپے سے نیچے لائے جائیں مگر سعودی عرب نے 9 ہزار ریال مانگے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرمذہبی امور نے کہا کہ میں سیر سپاٹے کا عادی نہیں ہوں میں سب کچھ اللہ اور پاکستان کے لئے کرتا ہوں حج کے حوالے سے دروغ گوئی سے کام نہیں لوں گا ، میں نے حج اور عمرے کیے ہیں اس کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی بطور رکن اسمبلی دورہ نہیں کیا ، ختم نبوت ، روحانیت اور تبلیغ کے لئے دورے کریں گے اور جو لوگ ختم نبوت کا نام نہیں لے سکتے وہ اب دوبارہ کبھی نہیں آئیں گے۔

ادھر پی آئی اے نے 31مئی سے حج آپریشن کے آغاز کا اعلان کردیا ہے ، پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی ،کراچی،لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اورکوئٹہ شامل ہیں ، سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی،حج آپریشن کے دوران 297 پروازیں شیڈول کا حصہ ہیں ، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 31 مئی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔