Live Updates

وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات پرکمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینےکا فیصلہ

ٹارگٹڈ سبسڈی میں موٹرسائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف دیا جائے گا، سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جائے گی۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 مئی 2022 20:15

وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات پرکمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینےکا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2022ء) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پرکمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ٹارگٹڈ سبسڈی میں موٹرسائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف دیا جائے گا، سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جائے گی۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات، پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر امور پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ، وزیراعظم نے اتحادیوں سے آج قوم سے خطاب کے نکات پر بھی مشاورت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر ٹارگٹڈ سبسڈی پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا، ٹارگٹڈ سبسڈی میں موٹرسائیکل ،رکشا اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ٹارگٹڈ سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔پیٹرول کی قیمتوں میں ٹارگٹڈ سبسڈی سے سوا کروڑ لوگ مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،کسی جتھے کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ماضی میں جو وقت ضائع ہوگیا اب مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے، ملک کی معاشی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آج رات 8 بجے قوم سے خطاب کرینگے، وزیراعظم  ملک وقوم کو درپیش مسائل پراتحادی حکومت کے پالیسی فیصلوں کا اعلان کرینگے، عمران خان نے حیران کن اور تہلکہ خیز انکشافات کیے، عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے، عمران خان کی تیاری صرف گولیاں اور بارود جمع کرنے میں تھی، ان کے کارکنوں کے گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا،ان کا مقصد خیبرپختونخوا اور وفاقی پولیس کو گتھم گتھا کرنا تھا، چند لوگ جو گھروں سے نکلے ان کے پاس اسلحہ تھا، نوازشریف کے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نکلے، وہ کون سی رکاوٹ تھی جس نے آپ کو روکا، جو پولیس اہلکار شہید ہوئے کم ازکم اس کے گھر تو آپ جاتے، پ کی وجہ سے آج 5 بچے یتیم ہوئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر آنے کے بعد رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں، کبھی تیاری بہانہ اور کبھی 6 دن بعد واپس آنے کا الٹی میٹم دیتے ہو، عوام نے سازش اور تخریب کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  عمران خان کو ایسی حالت میں گولیاں کھا کر سوجانا چاہیے، آپ کو پریس کانفرنس کا مشورہ دینے والے نے بڑی زیادتی کی، 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں آپ اب 6 صدیوں تک اسلام آباد نہیں آسکیں گے، اداروں اور عدلیہ کو دھمکیاں نہ دیں، نیوٹرلز نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسی طرح مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ سخت شرائط پر جو معاہدے کئے،کرپشن کے ریکارڈ بنائے۔ قوم اسے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں کاٹنے پر مجبور ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سبسڈی کا اعلان تو کرگئے لیکن قومی خزانہ لوٹ کر ساتھ لے گئے۔اِس جرم کا جواب دینا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات