حکومت پنجاب کا منکی پاکس کی ویکسین خریدنے کا فیصلہ

ویکسین کی 10لاکھ خوراکیں ڈنمارک سے منگوائی جائیں گی، ویکسین ہیلتھ کیئر ورکرز اور کم قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 مئی 2022 21:40

حکومت پنجاب کا منکی پاکس کی ویکسین خریدنے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2022ء) حکومت پنجاب نے منکی پاکس کی ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ویکسین کی 10لاکھ خوراکیں ڈنمارک سے منگوائی جائیں گی، ویکسین ہیلتھ کیئر ورکرز اور کم قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔ دنیا نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے منکی پاکس وائرس سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات کے تحت ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت پنجاب ڈنمارک سے ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں منگوائے گی، ویکسین ہیلتھ کیئر ورکرز اور کم قوت مدافعت والے افراد کیلئے منگوائی جا رہی ہے۔

ڈنمارک کے سفارتخانے کو ویکسین منگوانے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح پیر سے پنجاب کے تمام ڈاکٹرز کی منکی پاکس وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹریننگ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے ڈاکٹرز کو منکی پاکس کے علاج کی تربیت دی جائےگی۔

(جاری ہے)

 دوسری جانب دنیا کے 22 ممالک میں منکی پاکس کے 200 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔

یورپی یونین کے سینٹر فار ڈیزیز پریونٹیشن اینڈ کنٹرول (ای سی ڈی سی) کے مطابق اب تک مختلف ممالک میں منکی پاکس کے 219 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ای سی ڈی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اب تک یورپ کے ایک درجن سے زائد ممالک میں کم ازکم ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پہلی بار ہیکہ منکی پاکس کا وائرس مغربی یا وسطی افریقہ سے باہر گردش کررہا ہے۔

اب تک سب سے زیادہ کیسز برطانیہ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 71 ہے جس کے بعد اسپین 51 اور پرتگال 37 کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔یورپ سے باہر کینیڈا میں 15 اور امریکا میں 9 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ مجموعی طور پر برطانیہ، آسٹریا، بیلجیئم، فرانس، جرمنی، اٹلی، پرتگال، سلوانیا، اسپین، سوئیڈن، نیدرلینڈز، ڈنمارک، چیک ریپبلک، سوئٹزرلینڈ، ناروے، اسرائیل، کینیڈا، امریکا ، آسٹریلیا، ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات اور ویلز میں منکی پاکس کے کم از کم ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔