عازمین حج کے لیے لاہور میں ٹریننگ ورکشاپ دوسرے روز بھی جاری رہی

جمعہ 27 مئی 2022 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) عازمین حج کے لیے ٹریننگ ورکشاپ جمعہ کو دوسرے روزکے لیے بھی جاری رہی۔ وزارت مذہبی امور وبین المذہب ہم آہنگی اور ڈائریکٹوریٹ آف حج لاہور کی جانب سے عازمین حج کو انتظامی امور کی تربیت کے حوالے سے دوسرے روز جمعہ کو ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں کیا گیا۔تقریب میں سابق ڈائریکٹر جنرل حج جدہ ساجد یوسفانی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر حج پنجاب ریحان عباس کھوکھر سابق ڈائریکٹر حج محمدفروغ آفتاب علامہ عمران بشیر اور ماسڑ ٹرینر حاجی محمد یونس مغل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آف حج پنجاب ریحان عباس کھوکھر نے تقریب میں موجود شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف حج پنجاب کی پوری کوشش رہی ہے کہ عازمین حج کو مکمل تربیت دی جائے تاکہ ان کو حج کے دوران کوئی مشکل پیش نہ آئے،دعا ہے کہ تمام عازمین حج خیروعافیت سے حج کے فریضہ کو سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

عازمین حج کو مکمل اور پوری سہولیات دیں گے تاکہ وہ فریضہ حج خوش اسلوبی سے سرانجام دے سکیں۔

سابق ڈائریکٹر جنرل حج جدہ ساجد یوسفانی نے کہا کہ عازمین حج ہمارے ملک کے سفیر بھی ہیں۔ دوران حج ان کا ہر قول وفعل ہمارے ملک کے امیج کی ترجمانی کرے گا ۔حجاز مقدس میں دنیا بھر سےمسلمان فریضہ حج کے لیے اکٹھے ہوں گے اس لیے تمام عازمین حج ملک پاکستان کےمثبت امیج کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کریں۔دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ حاجی محمد یونس مغل نے عازمین حج کو انتظامی امور اور ٹریننگ پروگرام کے حوالے سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ 26 مئی سے شروع ہونے والی عازمین حج کے لیے ٹریننگ ورکشاپ مختلف دنوں میں منعقد ہو کر یکم جون تک 5روزکے لیے جاری رہے گی۔