جنگلات میں آگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر پاک چین میٹنگ

ہفتہ 28 مئی 2022 14:43

جنگلات میں آگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر پاک چین میٹنگ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2022ء) ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے پاک چین تعاون فریم ورک کے تحت اعلیٰ سطحی وفد کی آن لائن میٹینگ کا انعقاد ہوا جس کا مقصد جنگلات میں لگنے والی آگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کی جبکہ چینی وفد کی سربراہی بین الاقوامی تعاون اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر لیو ویمن نے کی۔


 اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے کی معاونت ممبران این ڈی ایم اے ، جوائنٹ سیکرٹری ای اے ڈی، ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس 1122، ڈی
 جی سول ڈیفنس، ڈی آئی جی جنگلات وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کی۔
 جبکہ چین کی جانب سے ایمرجنسی کمانڈ کمشنر، فائر پریوینشن اینڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی ہیڈفائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ، نیشنل فارسٹ فائر پریوینشن اینڈ ارلی وارننگ انفارمیشن سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ماہر نیشنل فارسٹ اینڈ گراس لینڈ فائر پریوینشن اینڈ ایکسٹنگوئشنگ کمانڈ اور ڈائریکٹر سیٹلائٹ ایمرجنسی جنگلات نے اجلاس میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)


این ڈی ایم اے کی جانب سے چینی وفد کو پاکستانی جنگلات میں ہونے والی آتشزدگی سے درپیش مجموعی چیلنجز بالخصوص کوہ سلیمان رینج بلوچستان میں موجود چلغوزے کے جنگلات میں لگنے والی حالیہ آگ پر بریفنگ دی گئی. اس ضمن میں چینی وفد کوجنگلات میں آتشزدگی کے ممکنہ خطرات  کے تدارک، تکنیکی  شعبوں میں درپیش مشکلات،  جن میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس قبل از وقت وارننگ اور دیگر سسٹم شامل ہیں، کی ضرورت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا.

مسٹر لیو ویمن نے بلوچستان میں  ہونے والی آتشزدگی پر کامیابی سے قابو پانے میں حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور بزریعہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی قبل از وقت وارننگ، مشترکہ نگرانی کے نظام اور فوری ریسپانس کے حوالے سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔


اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی بنیاد رکھی گئی تاکہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جا سکے.