Live Updates

پنجاب حکومت نے لاہورگریٹر اقبال پارک میں جلسہ کرنے پر مکمل پابندی لگادی

وزیراعلیٰ پنجا ب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی،تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں،وزیر اعلی پنجاب

Umar Nawaz عمر نواز ہفتہ 28 مئی 2022 15:18

پنجاب حکومت نے لاہورگریٹر اقبال پارک میں جلسہ کرنے پر مکمل پابندی لگادی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مئی 2022ء ) پنجاب حکومت نے لاہورگریٹر اقبال پارک میں جلسہ کرنے پر مکمل پابندی لگادی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجا ب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کےجلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے، کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے کے معاملات کو صاف اور شفاف طریقے سے چلایا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ ماہ 23 اپریل کو لاہور گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کیا تھا۔اس جلسے میں عمران خان اپنی تقریر میں کامیاب جلسے پر لاہور کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئےانہوں نے موجودہ حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اورکرپٹ لوگوں کی غلامی سے پاکستانیوں کو نجات دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے گلی گلی محلے محلے عوام کو منظم کرکے حقیقی آزادی کی تحریک میں تیزی لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔ عمران خان نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کا بھی جواب دیا اور کہا کہ ماضی میں توشہ خانے سے تحائف کی قیمت کا 15 فی صد ادا کرکے تحائف لے لیے جاتے تھے۔ جبکہ انہوں نے 50 فیصد رقم ادا کرکے جو تحائف لیے ان سے ملنے والے پیسوں سے اپنے علاقے کی سڑک بنوائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے دیگر حکمرانوں کی طرح اپنے لیے نہ کیمپ آفسز بنوائے اور نہ ہی سرکاری وسائل کو اپنی ذات کے لیے استعمال کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات