بائیوکھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلات کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ کیاجاسکتاہے ، محکمہ زراعت پنجاب

ہفتہ 28 مئی 2022 15:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) پاکستان میں اگنے والی پھلی دار فصلات سویا بین، چنا، مونگ، ماش،برسیم، مٹر، جنتر، مونگ پھلی وغیرہ کیلئے بائیو کھاد انتہائی مفید پائی گئی ہے جبکہ بائیوکھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلات کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ کیاجاسکتاہے نیزبائیو کھاد کی اہمیت وقت کے ساتھ ساتھ تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ اس کا استعمال زمین کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی قدرتی زرخیزی کو روکنے میں معاون ثابت ہوا ہے جبکہ بائیو کھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلوں کی پیداوار میں 15سے100فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد اقبال نے بتایا کہ بائیو کھاد ایسے جرثوموں پر مشتمل ہوتی ہے جس کی زمین میں موجودگی اس کی قدرتی ذرخیزی کو نہ صرف برقرار رکھتی ہے بلکہ موافق حالات میں اسے بڑھانے کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زمین میں کچھ جرثومے ایسے ہوتے ہیں جو ہوا میں موجود نائٹروجن کو جذب کر سکتے ہیں یہ جرثومے پھلی دار فصلوں کی جڑوں کے اندر گھر بنا کر رہتے ہیں اور ہوا میں موجود نائیٹروجن کو قابل استعمال بنا کر پودے کی نشو ونما کیلئے مہیا کرتے ہیں اسلئے اگر یہ جرثومے کھیت میں مناسب تعداد میں موجود ہوں تو نائیٹروجن کی مصنوعی کھاد کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی سائنسدانوں نے طویل تحقیق کے بعد ان جرثوموں پر مشتمل 1 کھاد تیار کی ہے جسے نائٹروجنی بائیو کھاد کا نام دیا گیا ہے جو پاکستان میں اگنے والی پھلی دار فصلوں بشمول سویا بین، چنا، مونگ، ماش،برسیم، مٹر، جنتر، مونگ پھلی وغیرہ کیلئے انتہائی مفید پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار بائیو کھاد کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ انہیں بہتر پیداوار کے حصول میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :