بابر اعظم ٹی ٹونٹی بلاسٹ کی تاریخ میں سمرسیٹ کیلئے بہترین کھلاڑی قرار

2020ء میں دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 7 اننگز میں 36.33 کی اوسط سے 218 رنز بنائے تھے جس میں گلیمورگن کیخلاف 62 گیندوں پر 114 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 مئی 2022 15:45

بابر اعظم ٹی ٹونٹی بلاسٹ کی تاریخ میں سمرسیٹ کیلئے بہترین کھلاڑی قرار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مئی 2022ء ) سال 2022ء کے T20 بلاسٹ سے پہلے تمام 18 کاؤنٹی کلبوں نے ڈومیسٹک ٹی 20 مقابلے میں اپنی ٹیم کے اب تک کے بہترین کھلاڑی کا تعین کرنے کے لیے مداحوں کی رائے شماری کی اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو سمرسیٹ کے لیے بہترین کھلاڑی کے طور پر ووٹ دیا گیا۔ 2020ء ایڈیشن میں سمرسیٹ کی نمائندگی کرنے والے دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 7 اننگز میں 36.33 کی اوسط سے 218 رنز بنائے تھے جس میں کارڈف میں گلیمورگن کے خلاف 62 گیندوں پر 114 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

انگلینڈ اور ویلز میں کرکٹ کے شائقین نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کے 20 سیزن کے دوران دنیا بھر سے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کو دیکھا ہے۔ دیگر کرکٹرز جنہیں اپنی اپنی ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ان میں اے بی ڈی ویلیئرز، ایلکس ہیلز، جیسن رائے، معین علی، جونی بیرسٹو، روی بوپارا، کولن انگرام، جوس بٹلر، ڈیوڈ ولی اور لیوک رائٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بابر اعظم اس سال سمرسیٹ کے لیے ہونے والے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں قومی ذمہ داری کی وجہ سے شرکت نہیں کر رہے ہیں کیونکہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پاکستانی کپتان اس موسم گرما میں دی ہنڈریڈ کے ڈرافٹ میں سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں شامل تھے لیکن انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹورنامنٹ کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا۔