جماعت اسلامی (آج )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے خلاف احتجاج کرے گی

حکومت کاریلیف پیکیج عوام کو بھکاری بنانے کے مترادف،لوگوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں ‘جاوید قصوری

ہفتہ 28 مئی 2022 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پٹرول کی قیمتوں میں 30روپے اور شرح سود میں 1.50فیصد اضافہ قابل مذمت ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت پورے ملک میں 29مئی بروز اتوار بھر پوراحتجاج کیا جائے گا۔

ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔ جن میں عوام الناس بڑی تعداد میں شریک ہو کر حکومت کے ظالمانہ فیصلوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عوام کو ریلیف کے نام پر دیا جانے والا پیکیج دراصل لالی پاپ ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کا سہارا لے رہی ہے، جبکہ ماضی کی حکمران جماعت نے بھی ایسی ہی غلطیاں کی تھیں اور ان کا خمیازہ انھیں بھگتنا پڑا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت محض دکھاوے کے اقدامات کی بجائے ٹھوس بنیادوں پر معیشت کو سنبھالنے کے لیے اقدامات کرے ۔ حکمرانوں کی جانب سے قوم کو بھکاری بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو کشکول تھما کر عزت نفس مجروح کرنے کی بجائے نوکریاں فراہم کی جائیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کی جانب سے پٹرولیم بم گرانے کے بعد عوام پر بجلی بم گرانے کی بھی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 7روپے بھی یونٹ بجلی بڑھانے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی معاشی پالیسیوں کو عوام کے لئے آسان بنائے۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن قومی سلامتی کے لئے خطراک ہوگی۔