Live Updates

کوئی بھی قابل احترام شخص متنازع عمل کے ذریعے چیئرمین نیب نہیں بنے گا، فواد چوہدری

ایک لوٹے کو ڈمی اپوزیشن لیڈر بنا کر یہ عمل مکمل کیا جارہا ہے، رہنما تحریک انصاف کی گفتگو

ہفتہ 28 مئی 2022 16:20

کوئی بھی قابل احترام شخص متنازع عمل کے ذریعے چیئرمین نیب نہیں بنے گا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر ایک قابل احترام انسان ہیں ،مجھے امید ہے وہ ایک متنازع پراسس کے ذریعے چیئرمین نیب نہیں بننا چاہیں گے۔ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد حسین چوہدری نے کہا کہ راجہ ریاض ڈمی اپوزیشن لیڈر ہے وہ لوٹا ایسوسی ایشن کا چیئرمین ہونے کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر بنا ہے، ایک لوٹے کو ڈمی اپوزیشن لیڈر بنا کر یہ چیئرمین نیب کی تقرری کا پراسس کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو قابل احترام ہوگا تو وہ اس پراسس کے ذریعے نہیں آئیگا اور جسٹس مقبول باقر بڑے قابل احترام آدمی ہیں اس لیے مجھے امید ہے کہ وہ اس پراسس کے ذریعے چیئرمین نہیں بنیں گے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے جسے عوامی حمایت ہو، مہنگائی کا ایک طوفان آگیا ہے اور مزید طوفان آنے والے دنوں میں آئے گا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پہلے انہوں نے اپنی ای سی ایل ختم کی پھر پراسیکیوٹر، تفتیشی ٹیمیں اور پھر ریکارڈ تبدیل کیا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کے حقوق ختم کیے اب ان کی پوری توجہ اپنے کیسز پر ہے اور اب یہ چیئرمین نیب لگا رہے ہیں۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ مجھے یہ لگتا ہے یہ مزید سیاسی غلطیاں کریں گے، عوامی سپورٹ اور حکومت کے درمیان بڑا گیپ ہے جس کی وجہ معاملات آگے چل کر مزید خراب ہوں گے، ابھی پارٹی کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں کہ الیکشن کرائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات