ٹیکساس اسکول واقعہ، حملہ آور کے والدین کا بیان سامنے آگیا

میں نے کبھی بھی اپنے بیٹے سے ایسا کچھ کرنے کی توقع نہیں کی تھی،والد نے متاثرین سے معافی مانگ لی

ہفتہ 28 مئی 2022 16:35

ٹیکساس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کر کے 19 کمسن بچوں اور 2 ٹیچرز کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کے والدین کا بیان سامنے آگیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور سیلواڈور راموس کے ٹیکساس کے پرائمری اسکول پر حملہ کرنے اور 21 جانیں لینے کے چند ہی دن بعد اس کی والدہ ایڈریانا مارٹینیز نے معافی کی درخواست کی۔

آنکھوں میں آنسو لیے حملہ آور راموس کی والدہ نے کہا کہ مجھے معاف کردو، میرے بیٹے کو معاف کردو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میرے بیٹے نے کسی نہ کسی وجہ سے یہ سب کیا، براہِ کرم! خود سے فیصلہ نہ کریں۔معافی مانگتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ مرنے والے معصوم بچے مجھے معاف کردیں۔دوسری جانب حملہ آور راموس کے والد نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ لوگ جان لیں کہ مجھے افسوس ہے، میں نے کبھی بھی اپنے بیٹے سے ایسا کچھ کرنے کی توقع نہیں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کو کسی کے ساتھ ایسا کچھ کرنے کے بجائے مجھے مارنا چاہیے تھا۔راموس کے والد نے مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کو دوبارہ کبھی نہیں دیکھوں گا، بالکل اسی طرح جیسے معصوم بچوں کے والدین نہیں دیکھ سکیں گے اور اس سے مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :