اسرائیل مقتول فلسطینی خاتون صحافی کے قتل کی تحقیقات جلد مکمل کرے،امریکا

امریکہ کے سرکردہ سفارت کار کا اسرائیلی وزیر خارجہ سے رابطہ، عالمی چیلنجزپرتبادلہ خیال کیاگیا،محکمہ خارجہ

ہفتہ 28 مئی 2022 16:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے فلسطینی نژاد امریکی صحافیہ شیریں ابو عاقلہ کی اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکت سے متعلق بات چیت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں وزرا خارجہ کے درمیان یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مقبوضہ بیت المقدس میں انتہا پسند یہودی آبادکاروں کے فلیگ مارچ کی وجہ سے صورت حال کشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کے سرکردہ سفارت کار نے اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ کو بتایا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ شیریں ابو عاقلہ کے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران قتل سے متعلق تحقیقات اسرائیل جلد مکمل کرے۔امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان نیڈ پرائس نے بتایا کہ اعلی امریکی سفارت کار نے اسرائیلی وزیر خارجہ اور متبادل وزیر اعظم یائر لاپیڈ سے گفتگو میں اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطینی پرسکون رہیں۔دونوں رہنمائوں نے عالمی چیلنجز بشمول ایران اور اس کی ملیشیائوں کا مقابلہ کرنے سے متعلق مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے اپنی حمایت کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا ۔