خضدار میں مقامی اسکول سے بم برآمد، بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم کو ناکارہ بنادیا

ہفتہ 28 مئی 2022 23:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) خضدار سٹی میں گورنمنٹ اسکول سے بم برآمد، ناکارہ بنادیا گیا۔ بم کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنرخضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی ایف سی لیویز اور پولیس سی ٹی ڈی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ایف سی میجر خضر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جائے وقوعہ پر سیکورٹی فورسز نے آس پاس کے ایریاز کا کنٹرول سنبھال لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھا کہ خضدار میں سیکورٹی کے موثر انتظامات ہیں کمانڈنٹ ایف سی کے تعاون سے شہر کی مکمل ناکہ بندی کی گئی ہے آج انتخابی عملے کی رش اور انتخابی سامان کی رونگی تھی ہزاروں کی تعداد میں عملہ اور سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ مختلف علاقوں کی جانب روانہ کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس لئے سخت سیکورٹی میں تخریب کاروں کے لئے تخریب کاری کا موقع نہیں تھا وہ بم مقامی تعلیمی ادارے کے قریب رکھ کر فرار ہوئے جو سیکورٹی فورسز کی نظروں سے اوجھل نہ ہوسکا اور اسے ناکارہ بنادیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خضدار میں الیکشن کے موقع تخریب کاری روکنے کے لئے تمام تر ممکنہ انتظامات کرلئے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹ نے کے لئے پیشگی اقدمات کئے جارہے ہیں۔ خضدار میں سیکورٹی ادارے چاک و چوبند ہیں اور تمام تر صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ جہاں سے بم برآمد ہوا وہاں آج29 مئی کو بلدیاتی الیکشن کے لئے پولنگ ہونا ہے۔